مالمو (زبیر حسین) گیارہویں شریف سویڈن کی جانب سے محفل نعت کا انعقاد سویڈن کے شہر مالمو میں ہوا، عالمی شہریت یافتہ ثنا خواں شاہد محمود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ سویڈن، ڈنمارک اور برطانیہ کے مذہبی و سماجی اداروں کی سرکردہ شخصیات خان برادرز، شاہد سرور، امام اصغر قادری، زبیر حسین ،کامران سرور، ملک لقمان، شیخ جواد،عدنان منہاس، علی شاہ و دیگر نےشرکت کی ۔
میزبانی کے فرائض راجہ عاطف شہزاد اور راجہ زعفران نے ادا کئے، شاہد سرور اور محمد آصف نے بھی گلہائے عقیدت پیش کیں، میڈیا سے بات کرتے ہوئے قاری شاہد محمود کا کہنا تھا کہ نبی ﷺ کا ذکر اور یہ ثناخوانی کی محفلیں دنیا بھر میں ہمیشہ قائم و دائم رہیں گی۔
دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چاہے بھارت ہو یا پھر کوئی اور ملک ہم ان تک اپنا پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی حد میں رہیں۔
گیارہویں شریف کے منتظم راجہ عاطف شہزاد کا پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ ہمارا ادارہ ہر ماہ محافل و مجالس کا انعقاد کرتا ہے اور ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان کے مذہبی اسکالرز، علما و مشائخ یورپی ممالک کے دورے میں سویڈن کو بھی شامل کریں تاکہ سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی آنے والی نسلیں مذہب سے مکمل آگاہی رکھ سکیں۔ محفل کے اختتام پر شرکا کے لئے عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔