جنرل مشرف کی وطن واپسی کی خبر امپورٹڈ حکومت کا چھوڑا ہوا شوشہ ہے، فرزانہ منصور

موجودہ حکومت اپنی بد انتظامی سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے ایسی خبریں پھیلا رہی ہے،ثروت زہرہ زیدی

نواز شریف اس قسم کے بیانات دے کر اپنی آزادانہ واپسی کی راہ ہموار کر رہے ہیں

سید پرویز مشرف اپنی باقی زندگی پاکستان میں گزارنا چاہتے ہیں،لیکن پچھلی کسی حکومت بلکہ ان کے اپنے ادارے نے کوئی ایسی کوشش نہیں کی،آل پاکستان مسلم لیگ امارات

دبئی (طاہر منیر طاہر) آل پاکستان مسلم لیگ (APML) متحدہ عرب امارات لیڈیز ونگ کی صدر فرزانہ منصور اورجنرل سیکرٹری ثروت زہرہ زیدی نے کہا ہے کہ سابق صدرجنرل سید پرویز مشرف کی وطن واپسی کی خبر امپورٹڈ حکومت اپنی بد انتظامی سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے چونکا دینے والے شوشے چھوڑرہی ہے۔ پرویز مشرف ایک ایسا جرنیل ہے جو آج بھی فوج کے وقار میں اضافہ کا سبب بن سکتا ہے اور سیاسی خود غرض بھی اس کی ذات کی آڑ میں اپنے اُلو سیدھے کر سکتے ہیں، لہٰذا بالکل اچانک ہی ان کی وطن واپسی میں سب کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔

سب سے زیادہ اچنبھا نواز شریف کے بیان پر ہی ہوا کہ وہ موصوف کس حیثیت میں بات کر رہے ہیں ان کی خود کی ذات چوری اور کرپشن کے تعفن میں لتھڑی ہوئی ہے، اب وہ شاید اس قسم کے بیانات دے کر اپنی آزادانہ واپسی کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔

جہاں تک پرویز مشرف کی وطن واپسی کی بات ہے تو خود پرویز مشرف جن کے لئے ’’سب سے پہلے پاکستان‘‘ صرف تقریر میں استعمال ہونے کے لئے نہیں بلکہ عملی زندگی میں بھی ان کے جذبات اور عمل سے پاکستان سب سے ہی پہلے نظر آتا ہے، وہ کئی بار اپنی اس خواہش کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ اپنی باقی زندگی پاکستان میں گزارنا چاہتے ہیں، لیکن پچھلی کسی حکومت بلکہ ان کے اپنے ادارے نے کوئی ایسی کوشش نہیں کی اور کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جس سے اندازہ ہوتا کہ اس قومی ہیرو کو جو ۱۵ سال گزرنے کے بعد بھی عوام میں پسند کیا جاتا ہے اور اس کے پاکستان کے لئے کئے گئے فیصلوں کو سب ہی سراہتے ہیں، اس کو ملک واپس لانے میں ان کا اپنا ادارہ کیا کررہا ہے۔

ان کی وطن واپسی کی خواہش کو عملی جامہ پہنانا ان کے اہلِ خانہ کی صوابدید پر ہے، لیکن ان موجودہ حالات میں پرویز مشرف کا وطن واپس آنا کہیں ان کی پریشانیوں میں اضافہ کا سبب ہی نہ بن جائے، کیونکہ جن ضمانتوں کا ان کی واپسی میں چرچا ہو رہا ہے وہ تو عوام کا اعتماد پہلے ہی کھو چکی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment