پی ایم ایل این امارات کا سوشل میڈیا ونگ پارٹی کے کاز کو آگے بڑھانے کیلئے ممد و معاون ثابت ہو رہا ہے
آئندہ وومن ونگ اور سوشل میڈیا ٹیم مل کرقومی تقریبات کا انعقاد کیا کریں گے
ہمارا مقصد خواتین اور سوشل میڈیا ورکرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے، فوزیہ نسیم
دبئی(طاہر منیر طاہر)پاکستان مسلم لیگ ن وومن ونگ متحدہ عرب امارات اور سوشل میڈیا ٹیم کا ایک مشترکہ اجلاس عجمان کے ایک ریسٹورنٹ میں ہوا جس کا اہتمام پی ایم ایل این امارات وومن ونگ کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فوزیہ نسیم نے کیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ ن وومن ونگ متحدہ عرب امارات اور سوشل میڈیا ٹیم کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امارات میں پی ایم ایل این کے نوجوانوں پر مشتمل سوشل میڈیا ٹیم کے ارکان کی تربیت کی جائے گی اور انہیں پاکستان مسلم لیگ ن کی ترویج و اشاعت کی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔ آج کا دور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ سوشل میڈیا کا بھی ہے،سوشل میڈیا کے ذریعے ہم اپنے اغراض و مقاصد جلد حاصل کر سکتے ہیں اور اپنا نقطہ نظر بطریق احسن بیان کر سکتے ہیں۔
تقریب ہذا میں پاکستان مسلم لیگ ن وومن ونگ متحدہ عرب امارات کی صدر فرزانہ کوثر مہمان خصوصی تھیں جبکہ دیگر شرکاء میں کاشف ندیم، زویا رانا، عظمیٰ رانا، انفال، محمد عارف، رانا فیصل ریاض، محمد مدثر، چودھری شاہد اور محمد معظم وغیرہ نے شرکت کی،اس موقع پر باہمی گفت و شنید کے دوران اندرون اور بیرون ملک پاکستان مسلم لیگ ن کا ووٹ بینک بڑھانے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کی حکمت عملی طے کی گئی۔
پاکستان مسلم لیگ ن وومن ونگ متحدہ عرب امارات کی صدر فرزانہ کوثر نے کہا کہ آنے والے جنرل الیکشنز سے قبل ہمیں اپنی جماعت کو منظم اور مضبوط کرنا ہے تا کہ مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں ووٹوں کی بھاری اکثریت سے جیت سکے، اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ سے بلا شرکت غیرے وومن ونگ اور سوشل میڈیا ٹیم کے ارکان مل کر قومی تقریبات کا انعقاد کیا کریں گے جن میں یوم پاکستان، یوم آزادی، یوم قائد اعظم اور یو اے ای کا نیشنل ڈے شامل ہو گا۔
فرزانہ کوثر نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے قائد محترم محمد نواز شریف کا بیانیہ اور مسلم لیگ کا پیغام ہر جگہ پہنچایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے مخالف جماعتوں کے بیانات کا جواب اسی پلیٹ فارم پر بھرپور اور مؤثر طریقے سے دیا جائے گا جس کے لیے سوشل میڈیا ارکان کی تربیت کی جا رہی ہے۔
فرزانہ کوثر نے کہا کے ہمارے پاس نوجوانوں پر مشتمل ایسی سوشل میڈیا ٹیم موجود ہے جو مسلم لیگ ن کا بخوبی دفاع کر سکتی ہے اور مؤثر انداز میں جواب دے سکتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن وومن ونگ متحدہ عرب امارات اور سوشل میڈیا ٹیم کے مشترکہ اجلاس میں شامل تمام لوگوں کا میزبان ڈاکٹر فوزیہ نسیم نے شکریہ ادا کیا اورمہمانوں کی تواضع پر تکلف ڈنر سے کی۔