انگلش لینگوئج اسکول دبئی کی جانب سے اے لیول گریجویشن کی پروقار تقریب کا اہتمام
قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان مہمان خصوصی تھے
دبئی (طاہر منیر طاہر) انگلش لینگوئج اسکول (ELS) دبئ میں اے لیول گریجویشن کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان د بئی کے قونصل جنرل حسن افضل خا ن مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں طلباء، ان کے والدین اور پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے شرکت کی،یہ تقریب پاکستان ایسوسی ایشن د بئی کے ہال میں ہوئی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا اسکول کے ایکٹنگ پرنسپل محمد عاطف نے اسکول کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور بورڈ آف گورنرز کے ممبران کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی شبانہ روز کاوشوں سے اسکول کا معیار بلند ہوا اور تقسیم انعامات کی اس پروقار تقریب کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا۔
تقریب ہذا میں اسکول کے بورڈ آف گورنرزحسن ابراہیم ہوکل ،محمد راشد اشرف ،بلال احسن ،احمد جیدی کے علاوہ پاکستان کمیونٹی کی ممتاز شخصیت مسرور احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت ہی قوموں کو ترقی کی نئی منازل پر گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے،قونصل جنرل حسن افضل خا ن نے انگلش لینگوئج اسکول کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ طالب علم معاشرے میں ترقی کاضامن ہوتا ہے،قونصل جنرل حسن افضل نے کامیاب طلبا کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے طلبا میں انعامات تقسیم کیے جبکہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے مہمان خصوصی حسن افضل خا ن اور ممبرز بورڈ آف گورنرزکو خصوصی شیلڈ اور تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔