پاکستان تحریک انصاف یواےای، اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی،عرفان افسر اعوان
دبئی (طاہر منیر طاہر) موجودہ حکومت کا اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا جمہوریت دشمن قدم ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست خارج ہونا قابل افسوس ہے، امید کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ اوورسیزپاکستانیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ سے اوورسیز ووٹ کو ختم کرنے پر محمد ثقلین مہرو صدر پی ٹی آئی ابو ظہبی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ جیسے بنیادی جمہوری حق کو موجودہ کرپٹ حکمران ہر صورت چھیننا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے سے اوورسیزپاکستانیوں کو مایوسی ہوئی ہے ہم امید کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ اوورسیز پاکستانیوں کے بنیادی جمہوری حق کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔ موجودہ امپورٹڈ حکمران اوورسیز میں عمران خان کی مقبولیت سے خائف ہیں، وہ جانتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانیوں کی اکثریت عمران خان کو ووٹ دے گی لہٰذا ان کو ووٹ کے حق سے ہی محروم کر دو۔ ہم اس سوچ کی مذمت کرتے ہیں اور ریاستی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ہمارے جمہوری حق پرڈاکہ ڈالنے کی کوشش کو ناکام بنائیں۔
پاکستان تحریک انصاف متحدہ عرب امارات کے سابق صدر عرفان افسر اعوان اور دیگر ممبران جمشید فاضل، شکیل احمد سرمد، انوار الحق ڈوگر، افراسیاب ستّی، محمد شفیق، ظہیر اعوان، ڈاکٹر رحمینہ ظفر، محمد اجمل سعید، محمد خلیل اعوان،رمیز خان، سجاد حسین عباسی، احمد حسن شیرازی، امتیاز بھٹہ جٹ اور میڈم زہرہ شبنم نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی پارلیمنٹ کے اس بل کی منظوری پر سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے اسکو کالعدم قرار دیا جائے اور بیرون ملک پاکستانیوں کی حب الوطنی کو مدنظر رکھتے ہوئے انکو دیگر ممالک کیطرح ووٹ کا فوری حق دیا جائے۔
جس طرح دنیا کے 100 سے زیادہ ممالک اپنے بیرون ملک رہنے والے شہریوں کو کسی نہ کسی حوالے سے ملک میں ووٹ ڈالنے کا حق دیتے ہیں۔ جن میں سرفہرست کینیڈا ،انڈیا، بنگلادیش ، فلپائن اور دوسرے بیسیوں ممالک شامل ہیں۔ ساتھ ہی اس بات کا بھی نوٹس لیا جائے کہ یہ امپورٹڈ حکومت دیگر پارٹیوں کیساتھ مل کر اپنے کیسز ختم کروا رہی ہے اور پاکستان کی معیشیت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے۔ عرفان افسر اعوان نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمیں ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے. جبکہ پاکستان تحریک انصاف یواےای اپنے اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔