پاکستان سوشل سینٹر میں نیکسجن ٹیلینٹ شو کا انعقاد

صدر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ چوہدری خالد حسین کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا

پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے تقریب ہذا میں شرکت کی

عمدہ پرفارمنس دکھانے والوں کو خصوصی انعامات دیے گئے

دبئی(طاہر منیر طاہر)پاکستان سوشل سینٹر میں نیکسجن ٹیلینٹ شو کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں نئی نسل کےٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے آرٹ اور کیلیگرافی کا مقابلہ منعقد کیا گیا۔ جس میں پورے یو اے ای سے بچوں نے مقابلے میں شرکت کی، اس کے علاوہ میوزیکل پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا۔

پاکستان سے مایہ ناز گلوکاروں ،نبیہا ،شاہد علی سونو،صابری سسٹرزاور ظہور احمد لوہار کو مدعو کیا گیا تھا جنہوں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کے دل موہ لئے۔

نیکسجن کی نمائندگی کرنے والی ایک کمسن آرٹسٹ عمامہ فخر نے اپنی پہلی پرفارمنس سے ہی محفل میں چار چاند لگا دئیے اور حاضرین نے عمامہ فخر کے ٹیلنٹ کو خوب سراہا اور دل کھول کر داد دی۔

آرٹ اور کیلیگرافی کے مقابلے میں جج کے فرائض سلیم ممبر بزمِ اردو اور عائشہ منیر ہانس نے بخوبی سرانجام دیئے۔ پہلی تین پوزیشن لینے والے بچوں کوسرٹیفکیٹ دیئے گئے، تمام گلوکاروں کو شارجہ سوشل سینٹر کی طرف سے اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔

چوہدری خالد حسین صدر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کی پاکستانی کمیونٹی کےلئے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کلاؤڈ نائن اور ہانس گلوبل کی طرف سے انہیں شیلڈ سے نوازا گیا۔ قونصل جنرل آف پاکستان حسن افضل خان کو بھی شیلڈ پیش کی گئی۔

بزمِ اردو کی طرف سے ترنم ممبر بزمِِ اردو نے بزمِ اردو کا تعارف پیش کیا اور ان کی طرف سے بھی ظہور احمد لوہار کو شیلڈ پیش کی گئ۔

سٹیج سیکرٹری کے فرائض پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کی کلچرل ہیڈ صائمہ نقوی نے سرانجام دیئے۔ پاکستانی کمیونٹی کی شخصیات میاں منیر ہانس،سید سلیم اختر،عمربلوچ، عمران اسلم، فراز احمد صدیقی،ثمینہ ناصر، یاسمین کنول، شیریں درانی، فوزیہ اظہار،ملک اسلم، عارف منہاس، ملک شہزاد،حماد اور دیگر احباب نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔

Comments (0)
Add Comment