OPN اور Feminine Fusion کے درمیان عوامی فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کرنے کا معاہدہ

امارات میں مقیم پاکستانیوں کو ضروری تربیت دے کر Skilled Worker بنایا جائے گا

لیبر کیمپوں میں صحت عامہ کے بارےآگاہی کیمپ لگائے جائینگے،فروغ تعلیم اور خواتین کی عملی تربیت بھی کی جائیگی

دبئی (طاہر منیر طاہر) اوورسیز پاکستانیز نیٹ ورک OPN اور امارات میں خواتین کی فلاح و بہبود کی تنظیم Feminine Fusion کے مابین مل کر فلاحی کام کرنے کے کا معاہدہ طے پا گیا۔

متذکرہ دونوں تنظیموں کے مشترکہ اجلاس میں OPN کی طرف سےعاصم شہزاد اور ڈاکٹر وقاص انورجبکہ Feminine Fusion کی طرف سے چیئرپرسن فرزانہ کوثر اور ڈاکٹر فوزیہ نسیم نے شرکت کی۔

دوران اجلاس امارات میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے پروجیکٹس پر کام کرنے پر غور و خوض کیا گیا جس میں لیبر کیمپوں میں جا کر طبی سہولتوں کی فراہمی ، تکنیکی تربیت کی فراہمی، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی آن لائن تجدید کے بارے معلوماتی آگاہی شامل ہے۔

تعلیم کو فروغ دینے کے سلسلہ میں مختلف سکولوں اور یونیورسٹیوں سے الحاق اور مستحق طلباء و طالبات کو وظائف اور حصول تعلیم کے سلسلہ میں مدد دینے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

یاد رہے کہ حال ہی میں OPN نے Aster Clinic سے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت امارات میں مقیم پاکستانیوں کو آسٹر کلینک سے علاج معالجہ کے لیے بھاری چھوٹ مل گئی ہے۔

پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے یہ معاہدہ کرنے پر اوورسیز پاکستانیز نیٹ ورک OPN کے عاصم شہزاد اور ڈاکٹر وقاص انور کو Feminine Fusion کی چیئرپرسن فرزانہ کوثر اور ڈاکٹر فوزیہ نسیم نے مبارکباد دی اور آئندہ مل جل کر عوامی فلاحی کام کرنے کا معاہدہ و وعدہ کیا۔

Comments (0)
Add Comment