سویڈن میں فہمِ دین کے نام سے منفرد اسلامک سیمینار کی سیریز کا آغاز

مذہب اسلام میں انسان اللہ پر توکل کرکے ہر مسائل کا سامنا بڑی خوش اسلوبی سے کرتا ہے، ڈاکٹر عدیل

ایسی کمیٹی تشکیل دینگے جو بغیر کسی سیاسی،مذہبی و سماجی ادارے کے ماتحت کام کرے،سعید شیخ

ہماری پوری کوشش ہےکہ اس دینی سلسلے کو جاری و ساری رکھا جائے،لیاقت علی خان

اسٹاک ہوم (زبیر حسین) سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں اسلامک سیمینار کی کی ایک منفرد سیریز کا آغاز کیا گیا ہے جس میں یورپ بھر میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے علما و مشائخ سویڈن کے مختلف شہروں میں پاکستانی کمیونٹی کو دینی معلومات و مسائل میں رہنمائی فراہم کریں گے، مذکورہ اسلامک سیمینار کی سیریز کا سلسلہ معروف سماجی وکاروباری شخصیت سعید شیخ اور لیاقت علی خان کی جانب سے کیا گیا ہے۔

سعید شیخ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم سویڈن بھر میں ایک ایسی کمیٹی تشکیل دینے کےخواہاں ہیں جو بغیر کسی سیاسی، مذہبی و سماجی ادارے کے ماتحت کام کرے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو دینی معلومات ایک ایسے پلیٹ فارم سے میسر آسکے جہاں اداروں کے نام پر ہمارے بچے اور نوجوان گروپوں میں تقسیم ہونےکے بجائے متحد ہوکر دیارِغیر میں دینِ اسلام کا پرچار کریں۔اسٹاک ہوم میں منعقد فہمِ دین سیمینار میں اوسلو کے معروف اسلامک موٹیویشنل اسپیکر و اسلامک اسکالر ڈاکٹر محمد عدیل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد جس میں خواتین اور بچوں سمیت ہر عمر کےافرادجبکہ پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات، اصغر، زاہد، اسماعیل، ہاشم، فرحان،حسن، مزمل، عمر ، خواجہ مقصود، شہزادہ عثمان، حافظ سجاد اور دیگر نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عدیل نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا نوجوان مستقبل اور مشکل حالات کی وجہ سے پریشان دکھائی دیتا ہے جبکہ اسلام ایسا مذہب ہے جس میں رہنمائی کے ایسے اصول وضع کئے گئے ہیں جس سے انسان اللہ پر توکل کرکے ہر مسائل کا سامنا بڑی خوش اسلوبی سے کرتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ شاید ہم خود اپنی ذات سے بھی اتنا پیار نہیں کرتے جتنا رب ہمیں چاہتا ہے۔

ہمارے فیصلے ہمارے لئے غلط ثابت ہوسکتے ہیں مگر رب جو ہمارے لئے فیصلہ کرتا ہے وہ دنیا میں بھی ہمارے لئے کامیابی و سرخرو ہونے کی نوید ہیں اور آخرت میں بھی ان فیصلوں سے ہمیں استفادہ حاصل ہوگا،فہمِ دین سیمینار کے حوالے سے ڈاکٹر عدیل کا کہنا تھا کہ انسان کی صحبت اس کی سوچوں کے محور کو تبدیل کرتی ہے اگر ہم اچھی مجالس میں شرکت کریں تو ہم اپنی سوچوں کو مثبت تبدیلی کی جانب راغب کرسکتے ہیں۔

لیاقت علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری پوری کوشش ہےکہ اس دینی سلسلے کو جاری و ساری رکھا جائے اور اس طرح کی روحانی محافل سے فیض یابی حاصل کی جائے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لئے طعام کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment