پاکستان میں اب تک جتنی بھی ترقی ہوئی مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ہوئی
اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ہیڈ مرالہ میں کالونی بنانے کیلئے متعلقہ محکمہ سے بات چیت چل رہی ہے
عوام الناس کو سفری سہولیات پہنچانے کیلئے رجانہ تا چشتیاں موٹر وے جلد شروع ہو جائے گی
متحدہ عرب امارات میں پی ایم ایل این کی کارکردگی مثالی ہے
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز کے جنرل سیکرٹری چودھری نورالحسن تنویر ایم این اے نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے موجودہ حکومت پہلے بھی مخلص تھی اب بھی ہے۔
پی ایم ایل این کے سابقہ دور حکومت میں اوو رسیز پاکستانیز کمیشن (OPC) پنجاب کا قیام عمل میں لایا گیا، جس کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کے لا تعداد مسائل حل کیے گئے جو ریکارڈ پر موجود ہیں،سابقہ حکومت نے اس ادارہ کی اہمیت کو مسخ کرنے کی کوشش کی، لیکن اب یہ ادارہ ایک بار پھر مصروف عمل ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کر رہا ہے۔
چودھری نورالحسن تنویر ایم این اے حلقہ این اے 169، صدر پاکستان مسلم لیگ ن بہاول پور ڈویژن نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان میں اب تک جتنی بھی ترقی ہوئی مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ہوئی ہے، ن لیگ کی حکومت جانے سے ملکی ترقی کا جو پہیہ رک گیا تھا وہ وہیں سے شروع ہو گیا ہے اور ملک اب ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں اور ناقص حکمت عملیوں کی وجہ سے ملک معاشی بحران اور دیگر بیشمار مسائل اور بحرانوں کا شکار ہوا جس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا،سابقہ حکومت کے پیدا کردہ مسائل سے نبٹنے کے لیے پی ایم ایل این کی موجودہ حکومت وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں سر توڑ کوشش کر رہی ہے، امید ہے کہ پاکستان کو ہر طرح کے بحرانوں اور مسائل سے جلد نجات مل جائے گی اور عوام کو سکھ کا سانس نصیب ہو گا۔
چودھری نورالحسن تنویر نے کہا کہ انہوں نے اپنے حلقہ این اے 169 کے لوگوں کو سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لئے رجانہ تا چشتیاں 148 کلومیٹر موٹر وے کی منظوری حاصل کی ہے جس پر وہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے شکر گزا ر ہیں، ہیڈ مرالہ کے مقام پر اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کالونی بنانے کے لئے متعلقہ محکمہ سے بات چیت چل رہی ہے۔
چودھری نورالحسن تنویر نے کہا کہ ہیڈ مرالہ، سیالکوٹ اور گجرات کے عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا جسے پورا کرنے کے لئے محکمہ ریلوے اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کے اعلی حکام سے مذاکرات جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وزیر ریلوے سے بھی بات ہوئی ہے اور انہوں نے بھی آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے بارے میں بات کرتے ہو ئے چودھری نورالحسن تنویر نے کہا کہ امارات میں ن لیگ کی کارکردگی مثالی ہے جب کہ پی ایم ایل این ویمن ونگ نے بہت کم مدت میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس پر ویمن ونگ مبارکباد کی مستحق اور لائق صد تحسین و آفریں ہے۔
انہوں نے پی ایم ایل این اوورسیز کے تمام یونٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ جہاں بھی ہیں اس ملک کے قوانین کا احترام کرتے ہو ئے کام کریں، قائد محترم محمد نواز شریف کے بیانیے کو آگے بڑھائیں اورپی ایم ایل این کا ووٹ بینک بڑھانے کی کوشش کریں تا کہ آ ئندہ جنرل الیکشنز میں مسلم لیگ ن ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو۔