سفارتخانہ پاکستان میں سیمینارکا انعقاد،نارویجن ممبرزپارلیمنٹ اور پاکستانیوں کی بھرپور شرکت
شرکا کی جانب سے بھارتی آئینی دشتگردی کی مذمت،کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم
اوسلو(رپورٹ:عقیل قادر)بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو تین برس مکمل ہونے پر سفارتخانہ پاکستان میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں نارویجن ممبرزپارلیمنٹ اور پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ناروے کے سابق وزیراعظم شیل مانگنے بوندویک، ایس وے پارٹی کی ممبر پارلیمنٹ Kari Elisabeth Kaski، ریڈ پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ Tobias Drevland Lund، لیبر پارٹی اوسلو کے مرکزی رہنما اور ڈپٹی میئر Abdullah Alsabeehg، سنٹرم پارٹی کے چیئرمین Geir Lippestad، سفیر پاکستان بابر امین ، نارویجن اوورسیز فورم کے چیئرمین اطہر علی اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری خالد محمود نے تقریب سے خطاب کیا۔
شیل مانگنے بوندویک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ظلم وبربریت سے دنیا نے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں ، انسانیت سسک رہی ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روز مرہ کا معمول بن چکی ہیں۔
Kari Elisabeth Kaski نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو غیر آئینی اقدامات واپس لینے ہوں گے اور کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق دینا ہو گا۔
Tobias Drevland Lund نے خطاب کرتے ہوئے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جنونی مودی کے ظلم و ستم کو روکنے کے لیے دنیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ،انہوں نے بھارت میں اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی بھی شدید مذمت کی۔
سفیر پاکستان بابر امین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین برسوں میں بھارت نے اپنے اقدامات سے یہ بات واضح کر دی ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیوں کو آگے بڑھانے کے اپنے مذموم منصوبوں پر مسلسل عمل پیرا ہے۔
اطہر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور کشمیریوں کے الگ تشخص کو ختم کرنے کی بھارتی کوششوں کے سوا کچھ نہیں۔
قبل ازیں چوہدری خالد محمود نے تقریب کی نقابت کے فرائض سر انجام دیئے اور اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیریوں کی تین نسلیں یو این او کی جانب سے کیے گئے وعدوں کے پورا ہونے کا انتظار کر رہی ہے ۔
یو این اوکو کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے کے اپنے وعدے پر عمل کرنا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔