5اگست کےبھارتی اقدامات کیخلاف پاکستان قونصلیٹ جدہ میں یوم استحصال کی تقریب

کشمیر پر کان بند رکھنے والےعالمی ادارے اس خطے میں آگ سے کھیل رہے ہیں،رضوان سعید شیخ

اگر پاکستان مضبوط ہوگا تو کشمیر بھی مضبوط ہوگا،قونصل جنرل خالد مجید

جدہ(امیر محمد خان سے)5اگست کے بھارتی اقدامات کیخلاف جدہ میں پاکستان قونصلیٹ میں یوم استحصال کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان و کشمیر کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

یوم استحصال کی تقریب کے مہمان خصوصی او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر رضوان سعید شیخ تھے،رضوان سعید شیخ نے کہا بھارت اور کشمیر پر کان بند رکھنے والےعالمی ادارے اس خطے میں آگ سے کھیل رہے ہیں اس خطے میں چین ،بھارت اور پاکستان تین ایٹمی قوتیں ہیں ۔بھارت ہوش کے ناخن لے پاکستان کی مسلح طاقت کو کئی مرتبہ آزما کر بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔

خاص طور پر گزشتہ تین سالوں میں 5 اگست کے بعد بھارت کی غیر قانونی حرکتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، اقوام متحدہ کا وعدہ ہے استصواب کا وہ دن ضرور آئے گا ۔

اس موقع پر قونصلیٹ میں بھارتی مظالم پر مبنی تصویری نمائش بھی کیگئی ،تصاویر میں بھارتی افواج کے کشمیریوں پر ظلم و ستم کو اجاگر کیا گیا ہے، مقررین میں پاکستان کے قونصل جنرل جدہ خالد مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر پاکستان مضبوط ہوگا تو کشمیر بھی مضبوط ہوگا ۔

انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کرنے کے غیرقانونی عمل کو 3 سال مکمل ہو گئے ہیں جس پر آج پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری بھارت کے اس غیر قانونی اور غاصبانہ عمل کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور یوم استحصال کشمیر منا رہے ہیں۔

یوم استحصال کی تقریب میں صدر ،وزیر اعظم ، وزیر خارجہ کے پیغام پڑھ کر سنائے گئے۔تقریب سے جموں و کشمیر کمیونٹی کے خورشید متیار، کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود احمد پوری نے بھی خطاب کیا ۔

Comments (0)
Add Comment