الیکشن کمیشن نے مکمل چھان بین اور ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر عمران خان کو جھوٹا قرار دیا،اسحاق ڈار

پاکستان کا سنہری مستقبل اور نواز شریف لازم و ملزوم ہیں،بیرسٹر امجد ملک

مسلم لیگ کے قائد پر قائم جھوٹے مقدمات ختم کر کے ان کو پاکستان لانا چاہئے،چوہدری نورالحسن تنویر

لندن(تارکین وطن نیوز)مسلم لیگ( ن) انٹرنیشنل افیئرز کے چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک کی جانب سے مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز کی جانب سےزوم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں انٹرنیشنل افیئرز کے سربراہ اسحاق ڈار اور جنرل سیکریٹری چوہدری نورالحسن تنویر سمیت مسلم لیگ( ن) انٹرنیشنل کے تمام صدور جنرل سیکریٹری صاحبان اور انفارمیشن سیکریٹریز اور میڈیا کے سربراہان نے شرکت کی۔

میٹنگ کے ایجنڈے میں فارن فنڈنگ کیس اور الیکشن کمیشن کی جانب سے خفیہ اکاؤنٹ کے بارے کیے گئے فیصلے پر مسلم لیگ( ن )کے سوشل میڈیا اور پرنٹ ڈیجیٹل میڈیا کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور اس بارے تجاویز مانگی اور شیئرکی گئیں۔اپنے خطاب میں مقررین نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فی زمانہ سوشل میڈیا کی اہمیت سمجھے بغیر پارٹی بیانیہ دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا ممکن نہیں ہے لہذا ہم سب کو اپنے اپنے ممالک میں جہاں ہم مقیم ہیں پارٹی کے بیانیے کو پہنچانے کی اشد ضرورت ہے۔

انٹر نیشنل افیئر کے چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک نے اپنے افتتاحی کلمات میں عمران خان کو پاکستان کی موجودہ تباہ کن صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کا سنہری مستقبل اور نواز شریف لازم و ملزوم ہیں، عمران خان اپنے کیے گئے انتقامی اقدامات پر مکافات عمل کا شکار ہونے والا ہے۔

بیرسٹر امجد ملک نے پاکستان مسلم لیگ( ن) انٹرنیشنل افئیرز کے تمام عہدیداران و ممبران کو گائیڈ لائنز دیں کہ ہمیں عمران خان کے جھوٹے پراپیگنڈے کا اپنے قائد کے سچے بیانیے سے مقابلہ کرنا ہے روزانہ کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر ایکٹیو رہیں، اپنے خطاب میں پی ایم ایل ن انٹرنیشنل افیئرز جنرل چوہدری نورالحسن تنویر نے کہا کہ مسلم لیگ کے قائد پر قائم جھوٹے مقدمات جلد از جلد ختم کر کے ان کو پاکستان لانا چاہئے، معیشت سنوارنے کے لیے اسحاق ڈار کا ملک میں ہونا ضروری ہے ۔

انٹرنیشنل افیئرز کے سربراہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں پاکستان کی موجودہ سیاسی و اقتصادی صورتحال پر تفصیلی خطاب کیا اور کہا کہ2013 کے بعد پاکستان دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت بن چکا تھا ،عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو کینیڈا سے آگے نکلتا ہوا دیکھ رہے تھے اور پاکستان 18ویں بڑی اقتصادی قوت بننے جارہا تھا پھر سازش کے تحت عمران خان کو چمکتے دمکتے پاکستان پر مسلط کردیا اور سیاہ اندھیرے میں پاکستان کو دھکیل دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے مکمل چھان بین اور ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر عمران خان کو جھوٹا قرار دیا اور دائر مقدمے کے فیصلے کو حکومت پاکستان کی جانب بھیج دیا، وہ نہ صرف منی لانڈرنگ میں ملوث ہے بلکہ توشہ خانہ میں کئی گئی چوری اور بدعنوانی بھی موصوف کے کھاتے میں روز روشن کی طرح عیاں ہے۔

ان کاکہناتھاکہ نواز شریف نے بیٹے کی طرف سے مقرر کردہ تنخواہ جو کہ کبھی وصول بھی نہیں کی گئی اس پرنااہل قرار دلوایا گیا،انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں نواز شریف کی حکومت قائم ہوگی۔

Comments (0)
Add Comment