جاوید اقبال نے سفیر پاکستان کو کویت میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی
سفیر پاکستان نے اسلامک کمیٹی کی سرگرمیوں میں دلچسپی لی اور مشورے بھی دیے
کویت(محمد عرفان شفیق سے) اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر جاوید اقبال کی قیادت میںIEC کے وفد نے سفارت خانہ پاکستان کویت میں سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان ملک محمد فاروق سے ملاقات کی، اس ملا قات میں جاوید اقبال نے سفیر پاکستان کو کویت میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور خوش آمدید کہا۔ صدر اسلامک ایجوکیشننے سفیر پاکستان کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
صدر جاوید اقبال نے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کی سرگرمیوں پر مشتمل رپورٹ بھی سفیرپاکستان کو پیش کی، جسکو سفیر پاکستان نے بہت سراہا۔ انہوں نے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے کام اور اسکی کمیونٹی کے حوالے سے خدمات پر سفیر پاکستان کو تفصیلی بریفنگ دی۔ سفیر پاکستان نے اسلامک کمیٹی کی سرگرمیوں میں دلچسپی لی اور مشورے بھی دیے۔
یوم آزادی کے آئندہ پروگرام کو بہت پسند کیا اور اسطرح کے پروگرامات جو وطن عزیز کے حوالے سے ہوں، ان میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ سفیر پاکستان نے یوتھ ونگ کی طرف سے پروگرام میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پروگرام میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے وفد میں نائب صدر اطہر مخدوم، جنرل سیکرٹری نثار احمد، انچارج یوتھ ونگ نوید پاشا، ناظم شعبہ تعلقات عامہ صدف علی صدف اور شعبہ میڈیا کے انچارج محمود احمد خان شامل تھے۔
سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ سیال نے سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی معاونت کی۔
سفیر پاکستان نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی کمیونٹی میں بہترین خدمات سرانجام دینے پر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔