قونصل جنرل بارسلونا مرزا سلمان بیگ کو ماتحت خاتون اہلکار کو ہراساں کرنے کے جرم میں عہدے سے ہٹا دیا گیا

خاتون کوکمیونٹی کے ساتھ بدتمیزی کرنے پرنوکری سے نکالا گیا جس کا بدلہ لینے کیلئے مجھ پہ بے بنیاد الزامات لگائے

بارسلونا(ارشد نذیر ساحل)حکومت پاکستان نے سپین میں تعینات قونصل جنرل مرزا سلمان بابر بیگ کو ماتحت خاتون اہلکار کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہونے پر قونصل کےعہدے سے ہٹا دیا ہے۔ واضح رہے کہ مرزا سلمان بیگ کو دسمبر 2021 میں بارسلونا میں پاکستانی قونصل جنرل تعینات کیا گیا تھا۔

متاثرہ لڑکی نے چند ہفتے قبل قونصل جنرل کے خلاف جنسی ہراسیت کے الزامات عائد کیے جس کے بعد سپین میں پاکستانی سفیر شجاعت راٹھور نے واقعے کی تفصیلات طلب کیں۔

مقامی سطح پر انکوائری مکمل کرنے کے بعد معاملہ پاکستانی وزارت خارجہ کو بھجوایا گیا جس کے بعد وزارت خارجہ ہیڈکوارٹرز سے دو رکنی انکوائری ٹیم نے سپین کا دورہ کیا، اس دوران فریقین اور عملے کے بیانات قلمبند اور ثبوت اکٹھے کیے گئے۔

انکوائری ٹیم کی تحقیقات کی روشنی میں وزارت خارجہ نے مرزا سلمان بابر بیگ کو قونصل جنرل کے عہدے سے برطرف کرتے ہوئے ہیڈ کوارٹرز رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ متاثرہ لڑکی نے سپین کے نظام انصاف میں بھی واقعہ کی رپورٹ کرائی تھی۔

دوسری جانب مرزاسلمان بابر بیگ نے صافیوں سےگفتگو میں کہا کہ مجھ پر لگنے والے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ،میں اپنے اوپر لگنے والے بے بنیاد الزامات کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھ پہ الزامات لگانے والی خاتون کو بہت سےلوگوں کی شکایات اور کمیونٹی کے ساتھ بدتمیزی کی وجہ سے جاب سے فارغ کیا گیا ہے جس پر اس نے مجھ پہ بے بنیاد الزامات لگائے ہیں ۔

Comments (0)
Add Comment