سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کی پاکستان کے75 ویں یوم آزادی پر بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد

آج کا دن ہمیں ایک آزاد اور خود مختار مملکت کے قیام کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے،سفیر پاکستان

برسلز(نمائندہ خصوصی)یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ "میں پاکستان کے75 ویں یوم آزادی کے موقع پر بیلجیم اور لکسمبرگ میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں”۔

انہوں نے کہاکہ آج کا دن ہمیں ایک آزاد اور خود مختار مملکت کے قیام کے لیے اپنے آبا ؤ اجداد کی تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے ، جہاں ہم اپنی زندگی مکمل مذہبی ، ثقافتی اور سماجی آزادیوں کے ساتھ گزار سکتے ہیں۔

یہ دن ان مقاصد کے حصول کے لئے اپنی جہد و جہد جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کا بھی دن ہے، جسکے لئے بانیانِ پاکستان نے بے لوث اور بے مثال جدوجہد کی اور ہمارے آباؤاجداد نے ان گنت قربانیاں دیں.

آیئے آج ایک بار پھر ہم پاکستان کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق ایک جدید ، جمہوری اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے اپنی بھرپور کوششوں کو جاری رکھنے کا عہد کریں۔

بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن اپنے ملک کے ساتھ وابستگی اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں۔ میں پر امید ہوں کہ آپ پاکستان کی ترقی اور بیلجیم ، لکسمبرگ اور پاکستان کے مابین مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہت سی قدرتی اور انسانی وسائل سے نوازا ہے۔انہوں نے اپنا پیغام جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آئیے آج ہم وطن عزیز کا 75واں یوم آزادی مناتے ہوئے ، قوم کو درپیش سماجی ، اور معاشی چیلنجوں سے نمٹنے اور اپنے پیارے وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کا عہد کریں۔

اللہ رب العزت ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین۔
پاکستان زندہ باد
پاکستان، بیلجیم ، لکسمبرگ دوستی پائندہ باد

Comments (0)
Add Comment