پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی رنگارنگ تقریب کا انعقاد

یونگ اِن سٹی(نمائندہ خصوصی)پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا نے پاکستان کا 75واں یوم آزادی جنوبی کوریا میں پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ مل کر بھرپور طریقے سے منایا۔ جشنِ آزادی کی یہ تقریب جنوبی کوریا کے شہر یونگ اِن سٹی میں منعقد کی گئی ، اِس تقریب میں جنوبی کوریا کے مختلف شہروں سے پاکستانی فیملیز اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کی۔

پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے سینئر ممبر راجہ عامر اقبال نے ایک بس اور 5 گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں بچوں نے بھی خصوصی طور پر شرکت کرتے ہوئے اپنے جذبہ حب الوطنی کا خوب اظہار کیا۔ تقریب میں پاکستانی کلچر کو متعارف کرواتے ہوئے ہینڈی کرافٹ، مہندی اور چوڑیوں کے اسٹال بھی لگائے گئے ۔ پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے بھی اپنی فیملیز کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔

یونگ اِن سٹی کے مئیر”لی سونگ اِل” اور پاکستان میں کوریا کے سابق سفیر اور تمغہ پاکستان حاصل کرنے والے”سونگ جونگ ھوان” بھی تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت علامہ رضا قادری نے حاصل کی ، نعت رسول مقبول مردان علی قادری نے پیش کی ۔کورین ماڈلز نے پاکستانی صوفیہ کلام پر بھرپور پرفارمنس پیش کی اور ان ماڈلز کی جانب سے کوریا کی ثقافتی پرفارمنس نے بھی تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

خرم سلیم نے ملی نغموں سے شرکا کو محظوظ کیا۔ کوریا میں موجود پاکستانی اسٹوڈنٹس نےکلچرل شو پیش کیا۔ پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے صدر صابر خان خٹک نے شرکا کی تشریف اوری کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے سب کو جشنِ آزادی کی مبارک باد پیش کی ، پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے جنرل سیکرٹری ملک نوید بسال نے بھی اس پروکار تقریب میں شریک شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ کوریا میں پاکستانی سفیر نبیل منیر نے پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کو بڑے پیمانے پر کامیاب اور منظم تقریب منعقد کروانے پر مبارکباد دیتے ہوئے آئندہ بھی ایسی تقاریب منعقد کرانے کی امید ظاہر کی ۔

اس خصوصی تقریب میں پاکستانی سفارت خانے کی ایچ او سی "سارہ سرور” کو فئیر ویل کے حوالے سے پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کی جانب سے خصوصی شیلڈ پیش کی گئی ۔ اِس کے علاوہ پاکستان کیلئے خدمات انجام دینے والوں کو پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا اور پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے خصوصی اسناد پیش کی گئیں۔ بہترین پاکستانی روائتی لباس پہن کر آنے والے جوڑوں، مرد، عورتوں اور بچوں میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے۔

اس تقریب کے ہوسٹ زاہد حسین تھے، جو2010 سے پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے زیر اہتمام مختلف پروگرامز کی ہوسٹنگ کرتے آ رہے ہیں ۔ان کی خدمات کو دیکھتے ہوئے پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کی جانب سے انہیں خصوصی شیلڈ دی گئی ۔ پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے سینئر ممبران میاں صغیر کی صاحبزادی صفا صغیر اور محمد شکیل کی صاحبزادی توحید فاطمہ نے بھی زاہد حسین کے ساتھ ہوسٹنگ کے فرائض سرانجام دے۔تقریب کے چیف آرگنائزر مدثر علی چیمہ نے آرگنائزنگ کمیٹی کو تقریب کو کامیاب بنانے پر مبارکباد دیتے ہوئے خصوصی شکریہ ادا کیا۔

Comments (0)
Add Comment