سویڈن میں جشنِ آزادی کائٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد

یورپ کے نو ممالک سے کائٹ ایسوسی ایشن کے سربراہان نے شرکت کی

پارٹیت نیانس کے نامزد کردہ پارلیمانی امیدوار زبیر حسین کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

اولینڈ(انصر اقبال بسرا)سویڈن میں جشنِ آزادی کائٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا،یورپ کے نو ممالک سے کائٹ ایسوسی ایشن کے سربراہان کی شرکت، پتنگوں کے ساتھ ہوا میں قومی پرچم بھی لہرایا گایا۔پتنگ بازوں کا کہنا ہے کہ پچھترواں یومِ آزادی منفرد انداز میں منانے کے لئے ہم نے پتنگ بازی کا ٹورنامنٹ منعقد کیا۔ٹورنامنٹ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ ہار جیت کے لئے نہیں بلکہ قومی جذبے اور حب الوطنی کو فروغ دینے کے لئے منعقد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سویڈن کے جزیرے اولینڈ میں پاکستان کا پچھترواں جشنِ آزادی منفرد انداز میں منایا گیا، یورپ کے نو ممالک، سویڈن، فِن لینڈ،ناروے، جرمنی،نیدرلینڈ، فرانس،بیلجئیم ، سوئیٹزرلینڈ اور برطانیہ سے پتنگ بازوں نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔

یہ پتنگ بازی کا ایسا ٹورنامنٹ تھا جس میں ہار جیت کے بجائے وطن سے دور وطن سے محبت کا اظہار کرنےکی خاطر پاکستانی یورپین کائٹ ایسوسی ایشنز کے پتنگ بازوں نے اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ قابِل دید اور فخر کی بات یہ تھی کہ پتنگ کی ڈور کے ساتھ سبز ہلالی پرچم آسمان کی سمت ہواؤں میں لہراتا دکھائی دیا۔

پروگرام کے آرگنائزر جنید نواز چوہدری اور عدنان اسماعیل جبکہ انتظامی امور گوتنبرگ کائٹ کلب سویڈن نے انجام دئیے۔سویڈن کی سیاسی و سماجی شخصیات جن میں پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ سے محمد سرور اور پاکستان کلچرل سوسائٹی سے عامر جنجوعہ نے شرکت کی۔

سویڈن کی سیاسی جماعت پارٹیت نیانس کے نامزد کردہ پارلیمانی امیدوار زبیر حسین نے پروگرام میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔میڈیا بریفنگ کے دوران پتنگ بازوں نے حکومتِ پاکستان سے اپیل کی کہ پتنگ کی ایکسپورٹ کے معاملات میں آسانی کی جائے تاکہ ہم پاکستانی ثقافت کو یورپ میں بھرپور طریقے سے فروغ دے سکیں۔

پروگرام کے اختتام پر پتنگ بازوں میں شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ مہمانِ خصوصی اور آرگنائزرز کو شیلڈ آف آرنر پیش کی گئی اور جشنِ آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔

Comments (0)
Add Comment