بچوں نے حمد، نعت اورملی نغموں سے پاکستان کے قومی،مذہبی اور ثقافتی جذبے کو ابھارا
ویخو(زبیر حسین)سویڈن کے شہر ویخو میں جشنِ آزادی کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد پاکستان کلچرل سوسائٹی ویخو کی جانب سے کیا گیا، جس میں بچوں نے حمد، نعت اورملی نغموں سے پاکستان کے قومی، مذہبی اور ثقافتی جذبے کو ابھارا۔
تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر ندیم عباس کا اس حوالے سے کہناہے کہ ویخو سویڈن کے دیگر شہروں کی طرح بڑاشہر نہیں مگر اب یہاں پاکستانی کمیونٹی کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ،اس لیے ہم نے اپنے پلیٹ فارم سے قومی، مذہبی اور سماجی تقریبات کا آغاز کردیا ہے تاکہ یہاں موجود پاکستانیوں اور ان کی آنے والی نسلوں کے لیے ویخو شہر میں ہی پاکستانیت کا جذبہ میسر آسکے۔
پاکستان کلچرل سوسائٹی ویخو کے دیگر تنظیمی نمائندگان علی اسلم، یاسر مشتاق، اظہر سرفراز اور پی سی ایس کے جنرل سیکرٹری امجد رفیق کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ سویڈن کی دیگر پاکستانی تنظیموں کے ساتھ مل کر بڑےپیمانے پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے تاکہ یہاں موجود پاکستانی کمیونٹی بھی دیگر بڑے شہروں سے روابط قائم کرسکے اور سویڈن میں ہم سب مل کر پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کرواسکیں۔
پروگرام کے اختتام پر تمام بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے میڈل اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے اور جشنِ آزادی کے سلسلے میں کیک بھی کاٹا گیا۔