اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کا میڈکس میڈیکل کیئرفحاحیل کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

کویت(محمدعرفان شفیق)کویت میں پاکستانی کمیونٹی کی معروف دینی اور سماجی تنظیم اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام فحاحیل کے مقام پر میڈکس میڈیکل کیئر کے تعاون سے ایک کامیاب میڈیکل کیمپ منعقد ہوا، جو دن ایک بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہا، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور صحت کے امور پر مختلف شعبہ جات کے ڈاکٹرز سے چیک اپ کے ساتھ ساتھ مختلف ٹیسٹ بھی کروائے۔

جنرل میڈیسن ماہر امراض جلد، انٹرنیشنل میڈیسن، ناک، کان، گلے کے امراض اور امراض نسواں کے شعبوں کے تجربہ کار ڈاکٹرز نے تقریبا 300 مرد و خواتین کو چیک اپ اور لیبارٹری ٹیسٹ کی مفت سہولیات فراہم کی۔ دن ایک بجے میڈیکل کیمپ کا آغاز ہوا، اسلامک کمیٹی، جو منظم پروگرام کروانے میں کویت میں ایک ممتاز مقام رکھتی ہے، کے فحاحیل کے علاقے کے ذمہ داران محمد بکر، محمد عمران، محمد ابرار، اللہ وارث، محمد ندیم، محمد رضا، محمد اعظم اور فیاض احمد کے علاوہ دیگر ممبران نے پورے دن کے میڈیکل کیمپ کے تمام مراحل کو انتہائی منظم انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

میڈیکل چیک اپ کے لیے آنے والے خواتین و حضرات کے لئے میڈکس میڈیکل کیئر کی خوبصورت اور پُرآسائش بلڈنگ میں چیک اپ کا علیحدہ علیحدہ بندوبست کیا گیا تھا۔

خواتین کو ڈاکٹر الہام جبکہ مرد حضرات کو ڈاکٹر واصف علی اور ڈاکٹر رینوایلکس چیک کر رہے تھے۔ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے انتظامی امور کے افراد آنے والے خواتین و حضرات کو استقبالیہ پر رہنمائی فراہم کر رہے تھےاور ہر مریض کی چیک اپ سے پہلے رجسٹریشن بھی کر رہے تھے۔ اس موقع اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کی مرکزی قیادت بھی موجود تھی۔

کمیٹی کے صدر جاوید اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری تنظیم سماجی کاموں کو اپنا دینی فریضہ سمجھ کر ادا کرتی ہے۔ خدمتِ خلق کے اس جذبے کے تحت جب انہوں نے میڈکس میڈیکل کیئر کے ذمہ دار سے کمیونٹی کے لئے ایک فری میڈیکل کیمپ کے سلسلے میں بات کی، تو انہوں نے انتہائی فراخدلی سے اپنی خدمات پیش کردیں جس کے لیے جاوید اقبال نے میڈکس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

اس کیمپ کے انعقاد کے لیے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی فحاحیل اور مرکزی قیادت نے بھرپور کام کیااور کمیونٹی کو اس سلسلے میں بروقت اطلاعات پہنچائیں۔

سینئر ڈاکٹر واصف علی، جن کا تعلق گجرانوالہ پاکستان سے ہے، شوگر، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کے بارے میں مشاورت فراہم کر رہے تھے جبکہ ڈاکٹر رینوایلکس، ناک، کان اور گلے کے امراض پر رہنمائی فراہم کر رہے تھے۔ تمام ڈاکٹرز نے پوری دلجمعی کے ساتھ مریضوں کا چیک اپ کیا اور انتہائی مفید مشورے دیے۔ میڈیکل کیمپ میں موجود تمام شرکاء اور مریضوں نے ایک کامیاب اور فری میڈیکل سروس فراہم کرنے پر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی اور میڈکس میڈیکل کیئر کی انتظامیہ کے کام کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

میڈیکل کیمپ کے اختتام پر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت اور میڈکس میڈیکل کیئر کی ٹیموں کا ایک مشترکہ پروگرام ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے صدر جاوید اقبال نے کہا کہ خدمت خلق ہمارا دینی فریضہ ہے اور ہم میڈکس کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ان کے تعاون سے آج سینکڑوں لوگ مستفید ہوئے۔ میڈکس کے صدر ڈاکٹر محمد علی، جو سعودیہ میں بھی میڈیکل کے شعبہ میں ایک وسیع تجربہ رکھتے ہیں، نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری خدمات معاشرے کے ہر طبقے کے لیے ہیں اور ہمارا مقصد غریب لوگوں کو صحت کی سہولیات بہم پہنچانا ہے۔ ایک عام آدمی بھی ہمارے ہاسپٹل میں بآسانی علاج کروا سکتا ہے، یہاں مختلف زبانوں سے واقف تجربہ کار ڈاکٹرز کی موجودگی ہر کسی کے علاج کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے جبکہ میڈکس میں طب کے جدید آلات بھی میسر ہیں۔

آخر میں ڈاکٹر واصف علی نے اپنے خطاب میں میڈکس کی تجربہ کار ٹیم کا تعارف کرایا اور میڈکس کی جدید مشینوں کی مدد سے مریضوں کے امراض کی تشخیص کا ذکر کیا۔

اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے نائب صدر عبد الرحمان عباسی نے کہا کہ سماجی کام کافی محنت مانگتا ہے اور اس محنت کے پیچھے محرکہ یہ ہے کہ "خیر الناس من ینفع الناس” لوگوں میں بہتر وہ ہے جو دوسرے لوگوں کو فائدہ پہنچائے۔میڈکس انتظامیہ نے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کی ٹیم کے لیے اسناد کے اہتمام کا اعلان بھی کیا۔

Comments (0)
Add Comment