پریڈ کی قیادت امریکہ میں پاکستان کے سفیر،قونصل جنرل نیویارک عائشہ علی اور نیویارک کے مئیر ایرک ایڈمز نے کی
پاکستانی کمیونٹی سے وابستہ ہزاروں مردوخواتین اور بچوں کی پاکستان کے پرچموں کے ساتھ شرکت
نیویارک (طاہر محمود چوہدری) نیویارک میں پاکستان کاجشنِ آزادی ڈے پریڈ مین ہیٹن میں روایتی جوش و جذے سے منایا گیا،پریڈ کی قیادت امریکہ میں پاکستان کے سفیر، قونصل جنرل نیویارک عائشہ علی اور نیویارک کے مئیر ایرک ایڈمز نے کی۔
پریڈ میں پاکستانی کمیونٹی سے وابستہ ہزاروں مرد و خواتین اور بچوں نے پاکستان کے پرچموں کے ساتھ شرکت کی،پریڈ کے موقع پر مین ہیٹن پاکستان زندہ باد، جشن آزادی زندہ بادکے نعروں سے گونجتا رہا، اس موقع پر منتظمین پریڈ کی جانب سے مختلف کھانوں کے سٹال بھی لگائے گئے تھے۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے حامی مرد و خواتین نے خصوصی طور پر تیار کیے گئے ایک فلوٹ کے ساتھ شرکت کی، جس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تصویر و دیگر نعرے درج تھے۔
امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز کو پاکستان کمیونٹی کے خیر خواہ کے طور پر خصوصی شیلڈ پیش کی،پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستانی کمیونٹی سے اپنے خطاب میں جشنِ آزادی کی مبارکباد کیساتھ ساتھ سیلاب زدگان کے لیے قائم کیے گئے وزیراعظم کے فنڈ زمیں عطیات دینے کی درخواست کی،انہوں نے پاکستان ڈے پریڈ میں شرکت کرنے پر مئیر ایرک ایڈمز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
نیویارک سٹی کے مئیر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آج جبکہ پاکستانی امریکن کمیونٹی اپنی آزادی کا جشن منا رہی ہے، اس موقع پر ہم پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تکلیف کو محسوس کر سکتے ہیں، نیویارک سٹی پاکستانیوں کے اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔