پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے ایک اور مثبت قدم

برلن(رپورٹ:مہوش ظفر)برلن میں پاکستان اور جرمنی کے مابین تعلقات میں بہتری کے لئے پاکستانی سٹارٹ اپس اور جرمن کمپنیوں کے مابین روابط اور اشتراک کے فروغ کے لیے پاکستان جرمن فیوچر سمٹ کے عنوان سے ایک تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب کا انعقاد ایجاد لیبز نامی پاکستانی ٹیک کمپنی نے جرمن ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ اور جرمن اماراتی جائنٹ کونسل فار انڈسٹری اینڈ کامرس کے تعاون سے کیا۔

تقریب کا خصوصی پہلو خواتین کی لیے ٹیک روزگار کے مواقع اور پاکستان کی چھوٹے اور درمیانے درجہ کی کمپنیوں کے جرمن کمپنیوں کے ساتھ کاروباری روابط بارے آگاہی تھی۔

جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور نوجوانوں کی اس کاوش کو سراہا۔ انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سفارتخانہ اس کاوش کو مزید فروغ دینے اور اس جہت میں پاک جرمن تعلقات کی آبیاری کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا کیونکہ اسطرح نہ صرف پاکستان کے باصلاحیت نوجوان جرمنی کے کاروباری ماحول کا فعال حصہ بن پائیں گے بلکہ جرمنی میں رونما حالیہ افرادی قوت کے مسائل کے حل میں بھی مدد ملے گی۔

پاکستانی اور جرمن ٹیکنالوجی ماہرین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی اور اسے خوش آئند قرار دیا۔

Comments (0)
Add Comment