لاہور(تارکین وطن نیوز)وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیوں و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے او پی ایف ہا ئوسنگ سکیم رائے ونڈ روڈ لاہور میں سمندر پار پاکستانیوں کیلئے کثیر المنزلہ کمرشل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
مذکورہ عمارت 21منزلوں پر مشتمل ہو گی جس میں شاپنگ مالز، دکانیں اور دیگر کمرشل سرگرمیاں ہوں گی۔ اس موقع پر ساجد حسین طوری نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔
اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضے جیسے مسائل کو حل کرنے کیلئے خصوصی عدالتوں کا قیام ہونے جا رہا ہے جس کیلئے سمری تیار کر لی گئی ہے اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا جہاں پر چھ مہینے کے اندر اندر ان فیصلے کئے جا سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کے تعلیمی مسائل کو حل کرنےپر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور ہائیر ایجوکیشن کے تعاون سے پاکستان بھر میں سرکاری یونیورسٹیز میں ان کے بچوں کیلئے کوٹہ مختص کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بہت جلد مزید رہائشی و کمرشل منصوبے بھی شروع کرنے جا رہے ہیں ۔