بارسلونا میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سےخواتین کے اعزاز میں’’وومن ایمپاورمنٹ‘‘کے عنوان سے تقریب کا انعقاد
بارسلونا (تارکین وطن نیوز) اسپین کے صوبائی دارالخلافہ بارسلونا میں پاکستانی قونصل خانے نے مختلف شعبہ ہائے جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی خواتین کے اعزاز میں "وومن ایمپاورمنٹ "کے عنوان سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جس میں ہسپانوی پارلیمنٹیرین، سینیٹرز، اعلیٰ عدلیہ کے ججز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستانی خواتین ڈاکٹرز، نرسز، ہیلتھ اینڈ سوشل ورکرز، لاگریجوئٹس، انجینئیرز، پروفیسرز، بزنس پروفیشلنز اور وومن کرکٹ ٹیم کی 130 سے ذائد خواتین نے شرکت کی ۔ جس پر ہسپانوی اتھارٹیز ششدر رہ گئیں ۔یورپ کے ان ممالک میں پاکستانی خواتین کے متعلق صرف ایک ہا ئوس وائف کا تصور پایا جاتا تھا۔
لیکن اس تقریب میں سینکڑوں کی تعداد میں پاکستانی خواتین کی شمولیت اور ان کی کارکردگی پر انہیں تعریفی اسناد اور میڈلز دیے جانے پر ہسپانوی کمیونٹی نے بہت مثبت ردعمل دیا۔
سینیٹرز ، پارلیمنٹیرین اور پولیس افسران نے پروگرام میں شیڈول سے ہٹ کر حاضرین محفل سے خطاب کرنے کی اجازت چاہی اور پاکستانی کمیونٹی کی خواتین کو بھرپور سراہا۔
قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے اس موقع پر 20 منٹ کی پریزینٹیشن پیش کی اور محترمہ فاطمہ جناح، محترمہ بےنظیر بھٹو، ملالہ یوسف زئی اور عاصمہ جہانگیر جیسی مضبوط خواتین کے حوالے ایک نہایت مثبت پیغام دیا جس نے حاضرین محفل پر بہت گہرا اثر چھوڑا۔
مقامی شاعرہ ، پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر ارم بتول قادری کی نظم "آواز ” پر ہسپانوی فنکاروں کے رقص نے سماں باندھ دیا۔ہسپانوی پارلیمنٹیرین ماریہ دانتیس نے اپنی ٹویٹر اکاونٹ سے اس پروگرام کے انعقاد پر پاکستانی کمیونٹی اور قونصل خانے کو بھرپور داد دی۔
اعلیٰ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ کاتالونیا میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار نہایت اہم ہے اور ہمیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ پاکستانی خواتین کاتالونیا کی تعمیر و ترقی میں اپنا نہایت مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔اگرچہ بارسلونا میں شعر و ادب اور اردو زبان ترقی کر رہی ہے لیکن ادب کی کیٹیگری میں ڈاکٹر ارم بتول وہ واحد خاتون تھیں جنہیں ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تقریب میں قونصل خانے سے وابستہ خواتین کو کمیونٹی لیڈرز کی جانب سے میڈلز اور تعریفی اسناد بھی عطا کی گئیں۔پاکستان تحریک انصاف اسپین کے صدر شیراز بھٹی نے قونصل جنرل عمران علی چوہدری کو بہترین کارکردگی پر تعریفی شیلڈ بھی عطا کی۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ارم بتول ، سحر نعیم، نمائندہ ڈویچے ویلے حافظ احمد اور نمائندہ اردو پوائنٹ و کلچرل کوارڈینیٹر پاک فیڈریشن سید شیراز نے ادا کیے۔پروگرام کے بعد مختلف حلقوں سے زبردست پذیرائی کی گئی اور مجموعی تاثر یہی قائم ہوا کہ بارسلونا ہی نہیں یورپ کی تاریخ میں پاکستانی خواتین کے حوالے سے یہ ایک کامیاب ترین پروگرام تھا جس کےدور رس نتائج بر آمد ہونگے۔