مانچسٹر (وسیم چودھری) مانچسٹر فیوچر وژن کے وفد نے سید سجاد حیدر کاظمی کی قیادت میں عالمی یومِ خواتین کے موقع پر یورپی پارلیمنٹ کا دورہ کیا۔ مانچسٹر فیوچر وژن کا یہ وفد جب یورپی پارلیمنٹ برسلز میں پہنچا تو چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے ان کا استقبال کیا اور کونسل کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام دیا۔
اس دورے کے دوران وفد نے یورپی پارلیمنٹ کی وائس پریذیڈنٹ لِیویا یوروکا اور کمبوڈیا کی شہزادی سِلویا سِسوواتھ سے ملاقات کی جس میں دنیا بھر میں خواتین کے ساتھ غیر مساوی سلوک اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
علاوہ ازیں وفد میں شامل مانچسٹر فیوچر وِژن کے دیگر اراکین ڈاکٹر نجم شاہ، محمد انوار، سید امتیاز حسین اور سید بابر علی نے افریکا، یورپ ، ایشیا اور خاص طور پر کشمیر میں خواتین کی آزادی اور حقوق کی پا ما لی اور اس کے تدارک کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
وفد کے اراکین نے بتایا کہ اب جبکہ دنیا سائنسی ترقی کے عروج پر ہے ایسے میں خواتین کے ساتھ غیر مساوی سلوک لمحہ فکریہ ہے۔
دنیا میں جِنس کی بنیاد پر توازن اور اور مساوی رویہ رکھنا ترقی کے مراحل طے کرنے کے لئے ناگزیر ہے۔