چین اور تیونس نے ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام کیا ہے، چینی صدر
بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پھنگ نےبیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں تیونس کے صدر قیس سعید سے بات چیت کی، جو چین کے سرکاری دورے اور چین عرب ممالک تعاون فورم کی 10 ویں وزارتی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے چین آئے ہیں ۔ دونوں سربراہان مملکت نے چین اور تیونس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کا اعلان کیا۔
جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطابق شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ سفارتی تعلقات کے قیام کےگزشتہ 60 برسوں سے،چاہے بین الاقوامی صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں رونما کیوں نہ ہوں، چین اور تیونس نے ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام کیا ہے، ایک دوسرے کے ساتھ برابری کا سلوک کیا ہے اور ایک دوسرے کی حمایت کی ہے ۔ چین تیونس اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کے ہمارے اعلان سے دوطرفہ تعلقات کا مستقبل یقیناً مزید روشن ہوگا۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین تیونس کے اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کے راستے پر گامزن رہنے کی حمایت کرتا ہے اور تیونس کے ساتھ ترقیاتی حکمت عملیوں کی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان اعلی معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون میں مزید کامیابیوں کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ چین تیونس سے مزید اعلی معیار کی حامل اور خصوصی مصنوعات کو چینی مارکیٹ میں خوش آمدید کہتا ہے۔ چین چین عرب ممالک تعاون فورم اور چین افریقہ تعاون فورم کی تعمیر، چین عرب تعلقات کی ترقی میں نئی قوت فراہم کرنے اور چین افریقہ ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیےتیونس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
صدر قیس سعید نے کہا کہ تیونس اور چین کے درمیان گہری دوستی اور مشترکہ افکار پائے جاتے ہیں اور مختلف شعبوں میں فریقین کے تعاون کے وافر ثمرات ہیں ، تیونس چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو نئی بلندی تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ تیونس ایک چین کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور قومی وحدت کی تکمیل اور اپنے بنیادی مفادات کے دفاع کے لئے چینی حکومت کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ تیونس چین کے ساتھ قریبی تعاون کرتے ہوئے بالادستی اور بلاک محاذ آرائی کی مخالفت کرنے اور زیادہ مساوی اور بہتر دنیا کے قیام میں کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔
بات چیت کے بعد دونوں سربراہان مملکت نے ماحول دوست اور کم کاربن ترقی اورسرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔ فریقین نے اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کے لئے عوامی جمہوریہ چین اور جمہوریہ تیونس کا مشترکہ بیان بھی جاری کیا۔