صدرپاک جاپان بزنس کونسل راناعابدحسین کا دورہ سوئٹ ہوم،طلبہ و طالبات سے ملاقات

0

ایک دن افواج پاکستان کا سپاہ سالار پاکستان سوئٹ ہوم سے نکلے گا،کیڈٹ کالج کے طلبہ سے خطاب

دورہ کے دوران ڈائریکٹر ایف آئی اے اختر وحید بھی رانا عابد حسین کے ہمراہ تھے

ٹوکیو(عرفان صدیقی)پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر پاکستانی نژاد جاپان کے معروف بزنس مین رانا عابد حسین نے اسلام آباد میں پاکستان سوئٹ ہوم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے اختر وحید بھی ان کے ہمراہ تھے۔

رانا عابد حسین نے پاکستان سوئٹ ہوم کے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی۔ انہوں نے کیڈیٹ کالج کے طلباء و طالبات سے خطاب کیا اور کہا کہ میں دنیا بھر میں گھوما ہوں اور لیکن آج یہاں آکر زمرد خان صاحب کے ان بیٹوں اور بیٹیوں سے بےحد متاثرہ ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہمارا روشن مستقبل ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ پوری دنیا میں پاکستان کا پرچم سربلند کریں گے۔ میری خواہش ہے کہ میں پاکستان سوئٹ ہوم کے بچوں کو جاپان لے کر جاؤں اور وہاں ان بچوں کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری لوں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے اختر وحید کا کہنا تھا کہ پاکستان سوئٹ ہوم کیڈٹ کالج کے بچوں کو یونیفارم میں دیکھتا ہوں تو فخر محسوس ہوتا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ وقت بھی آئے گا جب افواج پاکستان کا سپاہ سالار چیف آرمی اسٹاف پاکستان سوئٹ ہوم سے نکلے گا۔

پاکستان سوئٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ رانا عابد حسین اور ڈی جی ایف آئی اے اختر وحید صاحب کے انتہائی مشکور ہیں کہ یہ پاکستان سوئٹ ہوم میں، میرے بیٹے اور بیٹیوں سے ملنے آئے۔

رانا عابد حسین صاحب جنہوں نے اپنے سفر کا آغاز فیصل آباد کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے کیا اور جاپان میں بزنس کی دنیا میں تہلکہ مچایا۔ ایسے عظیم پاکستانی ہمارا فخر ہیں، جنہوں نے اپنی اعلیٰ قابلیت، ایمانداری، محنت اور جدوجہد سے پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔ آپ کا یہاں آنا ہمارے لئے باعث افتخار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!