سلاؤ (تارکین وطن نیوز) لندن میں مسلم لیگ ن کے رہنماء کے بیٹے کو دن دہاڑے چاقو کے وار سے قتل کردیا گیا۔
مرحوم رفاقت کیانی ممتاز کشمیری رہنما، سابق نائب صدر پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن سلاؤ راجہ ذاکر کیانی ایڈووکیٹ کے اکلوتے بیٹے تھے، ان کا آبائی تعلق سہنسہ ضلع کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے۔ رفاقت کیانی کو گزشتہ روز ایک بجے کے قریب اپنے گھر کے باہر چاقو کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا گیا۔
انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ زندگی کی بازی ہار گئے، رفاقت کیانی کے قتل پر کمیونٹی نے شدید غم اور غصہ کا اظہار کیا ہے۔ ان کی موت کی خبر کے بعد سلاؤ کی فضا سوگوار ہو گئی ہے۔ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس نے تین افراد کو رفاقت کیانی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔
رفاقت کیانی کی موت کی خبر ملتے ہی ہزاروں افراد مرحوم کے والد راجہ ذاکر کیانی ایڈووکیٹ اور ان کی فیملی کے ساتھ اظہار تعزیت اور افسوس کرنے کے لیے مقامی مسجد پہنچ گئے ، مرحوم کے والد راجہ ذاکر کیانی اکلوتے بیٹے کے قتل پر غم سے نڈھال تھے۔ برطانیہ سمیت دنیا بھر سے کمیونٹی کے تمام طبقات نے راجہ ذاکر کیانی ایڈووکیٹ سے نوجوان بیٹے کی موت پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
رفاقت کیانی کی موت کی خبر سن کر سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے کزن رضوان قریشی، پاکستان پریس کلب لندن کے صدر شوکت ڈار، آزاد کشمیر کے سابق وزیر برقیات اطلاعات محمود ریاض، مسلم لیگ نون آزاد کشمیر برطانیہ کے سابق صدر، سابق امیدوار اسمبلی راجہ زبیر اقبال کیانی، سابق امیدوار پنجاب اسمبلی چوہدری اشتیاق، سابق میئر سلاؤ چوہدری شفیق، سابق مشیر اطلاعات وزیراعظم آزاد کشمیراورنگزیب چوہدری۔
سابق صدور پاکستان ویلفیئر ایسوسی ایشن راجہ ایوب،حاجی محمد عارف، چوہدری جمیل تبسم،بیرسٹر اظہر چوہان، چیئرمین لیبر پارٹی سلاؤ کونسلر فذا احمد مطلوب، راجہ نوید منگا،تحریک انصاف ساؤتھ ایسٹ لندن کے صدر راجہ زاہد، کاروباری شخصیت چوہدری خورشیدسمیت مقامی کونسلرز، کمیونٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد سلاؤ کی مقامی مسجد میں مرحوم کے والد راجہ ذاکر کیانی ایڈووکیٹ سمیت ان کی فیملی سے اظہار تعزیت کرنے پہنچ گئی۔