پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سعودی عرب کے زیراہتمام پیپلز پارٹی کا یومِ تاسیس منایا گیا

0

ریاض (وقار نسیم وامق) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سعودی عرب کی جانب سے پیپلزپارٹی کے 55ویں یوم تاسیس کے حوالے سے کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں شریک عہدیداروں اور ورکرز کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ملک کی واحد ایسی جماعت ہے جو جمہوری سوچ اور اقدار کی مالک ہے۔

پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سعودی عرب کے صدر احتشام جاوید کوہلی کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید ایک عوامی لیڈر تھے جو پاکستان کے مسائل کے علاوہ عوام کے حقوق کو بھی سمجھتے تھے یہی وجہ تھی کہ وہ پیپلزپارٹی کا قیام عمل میں لائے اور ملک کو متفقہ آئین دینے سمیت پارلیمنٹ کو مضبوط کیا اداروں کو مستحکم اور فعال بنایا غریب کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کی اور اصلاحات کرکے ملک کو درست سمت دی انکی شہادت کے بعد محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اس مشن کو جاری رکھا اور محترمہ شہادت کے بعد بھی پیپلزپارٹی ملک کو جمہوری بنانے کے لئے میدان عمل میں کھڑی ہے اور آج آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پاکستانی سیاست کو جمہوری اقدار کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں اور پی وائے او پیپلزپارٹی کا ہراول دستہ ہے۔

پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری اعجاز رحیم کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے لوگوں کو جمہوریت سے روشناس کروایا اور عام آدمی کو سیاسی سرگرمیوں میں شامل کیا انہیں شعور دیا اور اشرافیہ کے خلاف جہاد کیا۔

پیپلزپارٹی ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی نے پی وائے او کی جانب سے یوم تاسیس کی تقریب کو سراہا اور کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے لئے اسکے نوجوان قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ آج کا نوجوان طبقہ پیپلزپارٹی کے سیاسی نظریات کے ساتھ کھڑا ہے پیپلزپارٹی جمہوریت کے فروغ کے لئے کام کر رہی ہے اور آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سمیت پیپلزپارٹی کے تمام ارکین پارلیمنٹ نے پارلیمانی سیاست کو بہتر بنایا ہے اور پاکستان میں جمہوری اقدار کو بڑھایا ہے۔

پیپلزپارٹی ریاض کے نائب صدر صداقت حسین بھرگوش کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی آج بھی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی پیپلزپارٹی نے سیاسی میدان میں خود کو منوایا ہے مگر پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگانے کی ہر کوشش آج تک ناکام ہوئی ہے اور اب پیپلزپارٹی ملک کی بڑی سیاسی جماعت کے ساتھ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لئے پی ڈی ایم کی حکومت کا ساتھ دے رہی ہے۔

تقریب کے آخر میں شرکاء نے یوم تاسیس کا کیک کاٹا اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!