سعودی عرب میں میگا ریکروٹمنٹ نمائش میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت،پاکستانی ویلفیئر اتاشی عالمی ڈائیلاگ میں شریک

0

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں وژن 2030 کے لئے میگا ریکروٹمنٹ کمپنیوں کی تین روزہ نمائش منعقد ہوئی جس میں بین الاقوامی کمپنیوں سمیت پاکستانی کمپنیاں بھی شریک تھیں۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بین الاقوامی مین پاور ریکروٹمنٹ کمپنیوں کی نمائش میں سعودی عرب سمیت مڈل ایسٹ بھر میں افرادی قوت فراہم کرنے والے ممالک پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، بھارت سمیت دیگر ممالک شریک تھے جبکہ سعودی وزارت خارجہ اور وزارت ہیومن ریسورس سوشل ڈویلپمنٹ کی جانب سے بھی سٹال لگائے گئے تھے۔

اس نمائش میں ہنر مند لیبر کے حوالے سے ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سہیل بابر وڑائچ، رانا محمد معصوم اور نجم نواز ثاقب شریک ہوئے، اس موقع پر مختلف ممالک کے سفراء،سفارتکاروں اور ماہرین نے عالمی ڈائیلاگ میں حصہ لیا۔

ہنرمند لیبر کے حوالے سے عالمی ڈائیلاگ میں پاکستان کی نمائندگی کمیونٹی ویلفیر اتاشی سہیل بابر وڑائچ نے کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہنر مند اور مزدور پوری دنیا میں کام کر رہے ہیں جبکہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستانی ہنرمند کام کر رہے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی لیبر سعودی وژن 2030 کے لئے انتہائی موزوں ہے جس سے سعودی کمپنیاں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی ویلفیئر افسران نے نمائش کا تفصیلی دورہ کیا اس دوران انہوں نے خصوصی طور پر پاکستانی کمپنیوں کے اسٹالز کا دورہ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!