جدہ:پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے زیراہتمام پارٹی کے 56ویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب کا انعقاد

0

جدہ(خالد نواز چیمہ)پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کی جانب سے جدہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 56 یوم تاسیس کے سلسلے میں کیک کٹنگ کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پارٹی عہدے داروں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی پی پی پی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر،سابق ایڈوائزر،صدر آزاد کشمیر سردار عنایت اللہ تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سعودی عرب کے صدر چوہدری تصور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت ،جیالوں ، خواتین و مرد اور اقلیتوں کو پی پی کے56ویں یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں ،بھٹو نے ملک میں پاکستان کو متفقہ آئین دیا، ایٹمی قوت بنایا جس کی وجہ سے آج ملک مضبوط پاکستان کی صورت میں موجود اور قائم و دائم ہے۔

چوہدری تصور نے مزید کہا کہ آنے والے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کر کے بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنائے گی، اس موقع پہ تقریب کے مہمان خصوصی سردار عنایت اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریب، مزدور اور پسے ہوئے طبقات کی واحد نمائندہ جماعت ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے ملکی محروم طبقات کے حقوق اور عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے سرمایہ داروں اور طاقتور طبقات کو للکارا پاکستان پیپلز پارٹی نام ہے جدوجہد کا ،پیپلز پارٹی آج بھی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے آنے والے الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کے ورکروں پر زور دیا کہ وہ سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹوکے نظریے اور پیغام کو گھر گھر پہنچائیں اور عوام کو جمہوریت دشمن قوتوں کے مذموم عزائم سے باخبر رکھیں۔

تقریب میں وقاص عنایت،خالدنواز چیمہ،جہانگیر خان،مسرت خلیل،اسد اکرم ،فضل عباس ،ذوالفقار چوہدری ،چوہدری ریاض،شعیب تارڑ ،مسرت خلیل،معروف حسین اور دیگر نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر پیپلز پارٹی کے56 ویں یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا اور بلاول بھٹو زرداری ،آصف علی زرداری اور پارٹی قائدین کی درازی عمر کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!