ارشد شریف کے قتل کی صاف اور شفاف تفتیش اس امپورٹڈ حکومت کے تحت نہیں ہوسکتی،مقررین
مظاہرے میں خواتین سمیت تحریک انصاف کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی
پیرس(رپورٹ:سلطان محمود)پاکستان تحریک انصاف فرانس کے زیر اہتمام معروف صحافی ارشد شریف کے قتل کے خلاف ان کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئے اور پاکستان میں حقیقی آزادی لانگ مارچ کے لئے پلاس دو لا ری پبلک میں ایک احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔
مظاہرے میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جس میں خواتین بھی شامل تھیں ، مظاہرین نے امپورٹڈ حکومت نامنظور اور ارشد شریف کو انصاف دو کے نعرے لگائے۔
مظاہرے سے تحریک انصاف فرانس کے صدر ملک عابد،چوہدری اشفاق احمد جٹ، یاسر قدیر ،افضال احمد گوندل کے علا وہ دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کے قتل کی صاف اور شفاف تفتیش اس امپورٹڈ حکومت کے تحت نہیں ہوسکتی ۔
ان کا کہنا تھا پاکستان کی موجودہ حکومت میں صحافی غیر محفوظ ہیں اور انہیں اپنی جانوں کا خطرہ لاحق ہے،ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا حقیقی آزادی لانگ مارچ کا مقصد اس ملک کے عوام کو بااختیار اور آزاد بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کروڑوں عوام اس وقت عمران خان کی پشت پر کھڑے ہیں اور موجودہ حکومت کی کوئی اخلاقی حیثیت نھیں ہے، مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل کا واحد حل فوری الیکشنہے ۔ امپورٹڈ حکومت عوام کی بھلائی کی بجائے اپنے کیسز ختم کرنے پر زور لگا رہی ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہے اور عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے،ان کا کہنا تھا کہ یہ لانگ مارچ جب اسلام آباد پہنچے گا تو اس کے پریشر سے حکومت گھٹنے ٹیک دے گی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ موجودہ امپورٹڈ حکومت اوران کے سہولت کاروں کو اب نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے اور بہرحال اس 27 کلو میٹر والی حکومت کو عمران خان کی بات ماننا پڑے گی،مظاہرین عمران خان کے حق میں نعرے لگاتے رہے،بعد میں ارشد شریف اور لانگ مارچ میں خاتون رپورٹر صدف کی وفات پر مغفرت کی دعا بھی کی گئی ۔