کویت میں محمدعرفان ناگرہ کی زیرسرپرستی معروف پاکستانی اداکار احسن خان کے اعزاز میں شاندار پروگرام، اوورسیز بزنس فورم کی افتتاحی تقریب !

کویت(محمد عرفان شفیق)کویت اور پاکستان کے درمیان کاروباری تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پاکستانی سیاحت کو بھی دیار غیر میں عام کرنے کیلئے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت محمد عرفان ناگرہ (ڈائریکٹر پنجاب ٹورزم کارپوریشن) کی زیرصدارت معروف فلمسٹار، اداکار، پروڈیوسر احسن خان کے اعزاز میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے ایک شاندار فیملی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔

واضح رہے کہ احسن خان نے اوورسیز بزنس فورم کا بھی افتتاح کیا جس کے مرکزی صدر محمد عرفان ناگرہ ہیں۔ اس تقریب میں کمیونٹی کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیات پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز اور فیملیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی صدارت سفارتخانہ پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل مجید نے کی۔

فیصل مجید ڈپٹی ہیڈ آف مشن سفارتخانہ پاکستان، اداکار و فلمسٹار احسن خان، معروف بزنسمین محمد عارف بٹ نے تقریب کے میزبان محمد عرفان ناگرہ کے ہمراہ کیک کاٹا اور اوورسیز بزنس فورم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب کے افتتاحی کلمات محمد زبیر شرفی سینئر نائب صدر/ہیڈ لیبرونگ ن کویت نے ادا کئے۔

انہوں نے تقریب کی غرض و غایت بیان کی اور سفارتخانہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل مجید، معزز مہمان اداکار احسن خاں اور دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا جس کے بعد انہوں نے مائیک تقریب کی خواتین کمپیئرز فائزہ صدیقی اور ثناء ارشد کے حوالے کر دیا جنہوں نے تقریب کے آخر تک میزبانی کے فرائض بڑے احسن طریقے سے انجام دیے۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت حافظ گلزار احمد نے حاصل کی۔ اداکار احسن خاں توجہ کا مرکز بنے رہے۔

انہوں نے تقریب کے میزبان اور اوورسیز بزنس فورم کے صدر محمد عرفان ناگرہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں کویت آنے اور تقریب میں شرکت کا موقع دیا۔ وہ پاکستانیوں کا جوش و خروش دیکھ کر بہت خوش ہوئے ہیں۔ احسن خان نے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی پاکستانی سیاحت و کارووبار کے فروغ کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ پاکستان سیاحت کے حوالہ سے ایک خوبصورت اور محفوظ ملک ہے اوردیارغیر میں مقیم پاکستانیوں کے دل بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز بزنس فورم کے قیام سے دونوں ممالک سمیت دیگر ممالک میں بھی کاروبار کو فروغ حاصل ہو گا۔ محمد عرفان ناگرہ نے کہا کہ فلمسٹار احسن خان نے کویت تشریف لا کر پاکستانی کمیونٹی کے دلوں میں اپنا گھر بنا لیا ہے۔ ہماری کوشش رہے گی کہ شوبز کے دوسرے اداکاروں کو بھی کویت کی دعوت دیں۔ میں اور احسن خان پاکستانی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے اپنا مشن جاری رکھیں گے۔ پاکستان تیسرے نمبر پر سیاحت کے اعتبار سے محفوظ ترین ملک ہے۔

دیارغیر میں پاکستانی سیاحت کو فروغ دینا حب الوطنی ہے۔ آئیے! ہم سب پاکستانی سیاحت کو دیار غیر میں پروموٹ کریں۔ شرکاء مہمان اداکار سے آٹو گراف حاصل کرنے اور سیلفیاں بنوانے میں مصروف رہے۔ یہ پروگرام مجموعی طور پر ایک کامیاب اور یادگار پروگرام تھا۔ مقامی گلوکاروں جمیل جمی، سید ظفر، جوری، شوکت علی، ناصرعباس اور دیگر گلوکاروں نے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔ تقریب کے میزبان عرفان ناگرہ نے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل مجید، مہمان اداکار احسن خاں اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ پاکستان اور کویت کے درمیان بزنس کے فروغ کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ اس طرح یہ تقریب کئی خوشگوار یادیں لئے اختتام کو پہنچی۔

اوورسیز بزنس فورمکویت
Comments (0)
Add Comment