پاک جرمن فرینڈ شپ سوسائٹی کا آغاز پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستانہ تعلقات کی مضبوطی کی جانب خوش آئند قدم ہے،ڈاکٹر محمد فیصل

پاکستان جرمن فرینڈ شپ سوسائٹی کے باضابطہ افتتاح کے حوالے سے سفارت خانہ پاکستان برلن میں تقریب کا انعقاد

برلن(مہوش ظفرسے)پاکستان جرمن فرینڈ شپ سوسائٹی کے باضابطہ افتتاح کے حوالے سے آج سفارت خانہ پاکستان برلن میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

سول سوسائٹی پر مشتمل اس تنظیم کو برلن میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے شروع کیا ہے جس کا مقصد پاکستان کے بیش قیمت ورثے اور خصوصاً ہنر مند افراد کی نقل و حرکت، کھیلوں کے ذریعے سفارت کاری، تعلیم، کاروبار، آرٹ، ثقافت وغیرہ کے شعبوں میں موجود صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے، تاکہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کے فائدے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے کاوشیں بروئے کار لائی جا سکیں۔

پاک جرمن فرینڈ شپ سوسائٹی کے چیئرمین وہاب اعوان نے شرکاء کو بتایا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد دونوں دوست ممالک کے درمیان ایک خصوصی تعلق کی تشکیل کےذریعے باہمی تعاون،خاص طور پر کھیل، فنون لطیفہ، ثقافت اور تجارت کے شعبوں میں سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

سوسائٹی کے دیگر ممبران یعنی کرسچن ہاس، کلاؤس میسرشمٹ، وولف گنگ گریب اور ارس انکاؤف نے بھی تقریب سے خطاب کیا اورپاکستان اور جرمنی کے لوگوں کے درمیان بہتر فہم کو فروغ دینے کے لیے دوطرفہ تعاون اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جرمنی سے تعلق رکھنے والے اس تنظیم کے عہدیداران نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یہاں پاکستانی سفارتخانے میں موجود ہیں۔ہمیں خوشی ہے کہ آج باقاعدہ طور پر ایک نئی پاکستان جرمن فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کا آغاز ہوگیا ہے۔تنظیم کے بورڈ کے ایک رکن کرسچن ہاس کا کہنا تھا کہ میرا کام ہے کہ میں پاکستان اور برلن کی سیاست میں رابطے استوار کروائوں ۔

سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات ہیں اور گزشتہ سال ہما رے سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال مکمل ہوئے۔ جرمنی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ایک قابل اعتماد دوست اور عالمی شراکت دار کے طور پر کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورم کے باضابطہ افتتاح سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔سفیر پاکستان نے اس سلسلے میں کوششوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سفارت خانے کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

تقریب کے دوران سوسائٹی کے باضابطہ چارٹر پر بانی اراکین کی جانب سے سفیر پاکستان اورتنظیم کے دیگر اراکین کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔تقریب میں پاکستانی سوسائٹی کے متعدد اراکین اور مقامی جرمنوں نے بھی شرکت کی۔

Pakistan German Friendship Societyپاک جرمن فرینڈ شپ سوسائٹی
Comments (0)
Add Comment