جمہوریت کیلئے ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،زاہدہ ملک اعوان

ہم پاکستان میں آزاد اور مضبوط جمہوریت کو پروان چڑھا کر ہی دم لیں گے،شہید بی بی کی 15ویں برسی پرعہد

پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے بے مثال قربانیوں سے پاکستان میں جمہوریت کا پودا لگایا اور اسے پروان چڑھایا،پیپلز پارٹی خواتین ونگ

دبئی (طاہر منیر طاہر) پیپلز پارٹی خواتین ونگ یو اے ای کی جنرل سیکرٹری زاہدہ ملک اعوان نے کہا ہے کہ جمہوریت کے لئے ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

عوام اور تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے بے مثال قربانیوں سے پاکستان میں جمہوریت کا پودا لگایا اور پھر اسے پروان چڑھایا، انہوں نے کہا کہ شہید بی بی کی برسی کا دن جمہوریت کے لئے عظیم قربانی کی علامت کا بھی دن ہے اور ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیربھٹو نے اس ملک سے سفاک آمریتوں کاخاتمہ کیا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نےایک تقریب کے دوران کیا ،اس موقع پر عزت اسلم، نجمی، بلقیس، رافیہ، مصباح، بلانکا و دیگر خواتین موجود تھیں۔

زاہدہ ملک اعوان نے کہا کہ ہماری بہادر لیڈر نے مایوس کن وقت میں قوم کو حوصلہ دیا اور اسے آمریت کے ذلت آمیز اندھیروں سے نکال کر جمہوریت کی روشنی میں لا کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم بھٹو، بی بی اور جمہوریت کے پیروکار ہیں اور ہمارے لیڈروں نے ہمیں آمریت اور جمہوریت کا فرق اچھی طرح سمجھا دیا ہے اور اس لئے ہم پاکستان میں آزاد اور مضبوط جمہوریت کو پروان چڑھا کر ہی دم لیں گے ۔

شہید بی بی کی 15ویں برسی پر عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے جمہوری اصولوں کی ہمیشہ پاسداری کریں گے،انشااللہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید بی بی کے ادھورے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور پاکستان کو بچائیں گے ۔

ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو
Comments (0)
Add Comment