نیدرلینڈز (تارکین وطن نیوز)نیدرلینڈز میں پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے ڈیلفٹ میں واقع IHE انسٹیٹیوٹ فار واٹر ایجوکیشن کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے انسٹیٹیوٹ کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ایڈی جے مورز سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ پاکستان کو درپیش موسمیاتی بحرانوں کے تناظر میں تعلیمی اشتراک پر گفتگو کی۔
یاد رہے کہ نیدرلینڈز کا 1957ء میں قائم کردہ تعلیمی ادارہ آئی ایچ ای ڈیلفٹ دنیا بھر میں واٹر ایجوکیشن کا ایک اہم ترین تعلیمی مرکز ہے جہاں واٹر منیجمنٹ کے شعبے میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سطح کی ڈگریاں کروائی جاتی ہیں۔
اس انسٹیٹیوٹ سے اب تک 190 ممالک کے 23000 سے زائد ماہرین تعلیم حاصل کرنے کے بعد دنیا بھر میں پانی سے متعلق مختلف شعبوں میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
اس ملاقات میں ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ایڈی جے مورز نے سفیر پاکستان کے ساتھ پانی اور اس کی منیجمنٹ کے شعبوں میں پاکستانی اداروں اور طلبہ کے لیے مواقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اپنی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں سفیر پاکستان نے انسٹیٹیوٹ میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں سفیر پاکستان کے ہمراہ نیدرلینڈز میں پاکستان کے ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ قونصلر رضوان الحق راؤ بھی موجود تھے۔