اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنا ہماری حکومت کی پہلی ترجیح ہے،ساجد حسین طوری

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز ساجد حسین طوری کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنا ہماری حکومت کی پہلی ترجیح ہے ۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے منعقدہ عشائیے میں جیالوں سمیت کمیونٹی کے افراد بھی شریک تھے جنھوں نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز کو ورکرز کو درپیش مسائل سمیت سفارت خانہ پاکستان اور سکولز کے علاوہ دیگر مسائل سے آگاہ کیا ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے عملی اقدامات کر رہی ہے اور بیرون ممالک ہنر مند افراد کی ملازمتوں کے حصول کے لئے سرگرم ہے۔

سعودی عرب میں جلد ہی سفارت خانہ پاکستان کے لئے ویلفیئر اتاشی کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ ورکرز کو درپیش مسائل کو فوری حل کرنے میں آسانی ہو جبکہ باقی کمیونٹی کو درپیش مسائل کو بھی حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

عشائیے میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی رانا محمد معصوم، پیپلز پارٹی مڈل ایسٹ کے جنرل سیکرٹری محمد خالد رانا،پیپلز یوتھ آرگنائزیشن مڈل ایسٹ کے صدر وسیم ساجد،پیپلزپارٹی ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی ، اعجاز رحیم سمیت دیگر عہدیدار بھی شریک تھے۔

جن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں 27 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جن کے مسائل کو حل کرنا ہر حکومت کا فرض ہے تاکہ سمندر پار پاکستانی دیار غیر میں رہتے ہوئے ملک و قوم کی بہتری کے لئے کام کر سکیں۔

sajid hussain turi saudi arabiaساجد حسین طوری
Comments (0)
Add Comment