ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑنے کے دعوے کر نیوالے پردے کے پیچھے اپنے اپنے حصے بانٹتے ہیں،شہزاد خان،ریاض احمد
کوالالمپور(محمد وقار خان)پی ٹی آئی ملائشیا کے متحرک کمیونٹی ورکر اور ملائشیا میں پی ٹی آئی کو متعارف کروانے والے شہزاد خان ، اور ریاض احمد نے حالیہ واقعات پر اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ امپورٹڈ حکومت اور ملک کا تقریباً ہر ادارہ سر توڑ کوششیں کر کے عمران خان کو کرپٹ اور غدار ثابت کرنے میں لگا ہوا ہے ۔
یہ امپورٹڈ سیٹ اپ ، گورنمنٹ کی ساری مشینری استعمال کر کے، ٹیلیفون کالز ریکارڈ کرنے ، قریبی ساتھیوں کو ڈرانے دھمکانے کے بعد صرف توشہ خانہ کا شوشہ چھوڑ سکا ہے ۔
جس توشہ خانہ سے آج تک کے آنے والے تمام حکمران سمیت اداروں کے افسر فیض یاب ہوئے ۔ انہوں نے خود یہ قانون بنائے اور اپنے بنائے ان قوانین سے بھی ماوراء ہوکر دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا ۔ سب چور اس لوٹ کھسوٹ میں اکٹھے ہیں،لہٰذا پردے کے سامنے ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑنے کے دعوے کرکے ، پردے کے پیچھے اپنے اپنے حصے بانٹتے ہیں ۔
جب انکو انکے آقا ئوں کا حکم ملتا ہے تو آپس میں لڑنے کا ڈرامہ کرتے ہیں، جبکہ انہی آقاؤں کے حکم پر آپس میں گلے بھی ملتے ہیں ۔
جس کے سر پہ انکے آقا ئو ں کا آشیرباد ہو، وہ ڈیوٹی پہ کھڑے اہلکار کو سرعام کچل کے بھی عدالتوں سے وکٹری کا نشان بنا کر باعزت بری ہوتا ہے۔جبکہ انکے آقا، جس کو ناپسند کریں، اسکو منشی کہنے پہ پکڑ کر پے در پے جسمانی ریمانڈز دئیے جاتے ہیں۔ملک کا سابق وزیراعظم خود پہ ہوئے جان لیوا حملے کی ایف آئی آر تک درج نہیں کرواسکتا،کیونکہ آقائو ں کا حکم نہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز اب اس طرح سے مزید نہیں چل سکتا ، اب ہمیں نئے جذبے اور نیک نیتی سے آگے بڑھنا ہوگا ۔ آج کا نوجوان 90 کی دہائی کے ڈراموں سے ٹلنے والا نہیں ، آج کا پڑھا لکھا جوان دنیا کے معاملات پر نظر رکھتا ہے اور اپنے ملک میں ہونے والی سازشوں کو خوب سمجھتا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ سیٹ اپ میں الیکشن کروانے کا حوصلہ بھی نہیں ہے ، انہیں معلوم ہے کہ کس منہ سے اس عوام کے درمیان جائیں ، جن کے بنیادی حقوق پہ انہوں نے ڈاکہ ڈالا ہے ۔