سیمینار میں صدر پاکستان جرنلسٹ فورم متحدہ عرب امارات طاہر منیر طاہر کی بطور مہمان خصوصی شرکت
سیمینارکے موضوع کا تعارف شعبہ اردو کے استاد یاسر ذیشان نے پیش کیا
طالب علم سماجی مسائل اور ان کے حل کا شعور اخبارات میں ایڈیٹر کے نام ڈاک لکھ کر بیدار کر سکتے ہیں،جنید آفتاب
رسائل کے ذریعے نئے قلم کار صحافتی دنیا میں داخل ہو رہے ہیں،خالد لطیف
آج کے طالب علم کو صحافت سے اپنا تعلق بنانا ہو گا،عبدالشکور مرزا
دبئی (طاہر منیر طاہر) شعبہ اردو گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج کے زیر اہتمام ’’اردو اور صحافت ؛نئے عہد کی ضروریات اور طلبہ کی ذمہ داریاں ‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد ہوا۔ سیمینار کاآغاز بی ایس اردو کی طالبہ رضیہ نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور سنان فاضل نے نعت رسول مقبول پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔
سیمینارکے موضوع کا تعارف شعبہ اردو کے استاد یاسر ذیشان نے پیش کرتے ہوئے کہا صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور اس چوتھے ستون کی بنیاد کو طاقت قومی زبان سے مل رہی ہے ۔ سیمینار کے مہمان خصوصی کالج کے سابق طالب علم طاہر منیر طاہر ( صدر پاکستان جرنلسٹ فورم متحدہ عرب امارات ) تھے ۔
سیمینار میں طلبہ و طالبات سے خطاب میں کالج کے سابق طالب علم جنید آفتاب ( نمائندہ روزنامہ جنگ ) نے کہا کہ نئے عہد میں موجود سماجی مسائل اور ان کے حل کا شعور طالب علم اخبارات میں ایڈیٹر کے نام ڈاک لکھ کر بیدار کر سکتے ہیں۔
کالج کے سابق طالب علم خالد لطیف ( ایڈیٹر سٹی میگ ) نے کہا کہ رسائل کے ذریعے نئے قلم کار صحافتی دنیا میں داخل ہو رہے ہیں ۔یہ رسائل ادبی و سماجی سرگرمیوں کی روداد سے صحافت کے ساتھ ساتھ سماجی تاریخ کو محفوظ کرنے کا فریضہ بھی انجام دے رہے ہیں ۔
عبد الشکور مرزا ( نمائندہ اخبار جہاں ) نے کہا کہ آج کے طالب علم کو صحافت سے اپنا تعلق بنانا ہو گا تا کہ طلبہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو ادبی میدان میں استعمال کر کے صحافت کے شعبہ میں اپنا نام بنائیں ۔ کالج کے سابق طالب علم اور مہمان خصوصی طاہر منیر طاہر نے طلبہ و طالبات کو کہا کہ لکھنے کی صلاحیت کو استعمال کر کے ہم صحافت کے ذریعے پاکستان کا امیج بہتر بنانے کی ذمہ داری نبھاسکتے ہیں ۔
اس سیمی نار میں شہر سیال کوٹ کے نام ور بزرگ چوہدری عبد الجلیل عرف چاچا کرکٹ نے بھی شرکت کی اور طلبہ کو کہا میں آپ کی طرح جوان نہیں ہوں لیکن وطن سے محبت کا میرا جذبہ ہمیشہ جوان رہے گا اور وطن سے محبت کا تقاضا ہے کہ جس طرح میں اپنی زندگی وطن کے لیے وقف کر چکا ہوں اسی طرح آپ اپنی تمام صلاحیتوں کو وطن کے لیے وقف کر دیں ۔
پرنسپل ڈاکٹر مجاہد حسین بخاری نے کہا کہ آج کا طالب علم جدید ترین صحافت کی اہمیت سے پوری طرح واقف ہے۔انھوں نے معزز مہمانوں کو بتایا کہ علوم و فنون کے ساتھ ساتھ صحافتی شعور کی بیداری کے لیے کالج لائبریری اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔
انھوں نے آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ، اور عبد الشکور مرزا سمیت کالج کے تینوں سابق طلبہ طاہر منیر طاہر، جنید آفتاب،خالد لطیف کو قومی اور بین الاقوامی صحافت میں اپنی خدمات انجام دینے پر خصوصی شیلڈز پیش کیں ۔
تمام مہمانوں نے شعبہ اردو کے اساتذہ اور طلبہ کو کامیاب سیمی نار کے انعقاد پر خصوصی مبارک باد دی اور کالج کے شعبہ اردو کو ادبی سرگرمیوں کے اعتبار سے شہر کے تمام کالجز کے شعبہ جات میں نمایاں ترین شعبہ قرار دیا۔ پروگرام کے اختتام پر فرزند سیال کوٹ اور کالج کے علمی معاون معروف شاعر امجد اسلام امجد کی بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔