مرحوم کی عمر82 برس تھی، انتقال 6 فروری 2023 کو بورے والا میں ہوا
پروفیسرریٹائرڈ محمد انوراعلیٰ تعلیم یافتہ انسان تھے، ساری عمر درس و تدریس میں گزری
متحدہ عرب امارات کے ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے ڈاکٹر وقاص انور سے تعزیت کی
دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں مقیم معروف پاکستانی ڈاکٹر وقاص انور کے والد پروفیسر ریٹائرڈ محمد انور 6 فروری 2023 کو بورے والا پاکستان میں انتقال کر گئے۔
پروفیسر ریٹائرڈ محمد انورکی عمر 82 برس تھی، انہوں نے تعلیم کے شعبہ میں تقریباً 36 سال خدمات انجام دیں۔ وہ فارسی کے پروفیسر تھے، انہوں نے 1964 میں ایم اے او کالج لاہور سے ایم اے اردو، ایم اے فارسی اور اورینٹل لینگویج میں ایم او ایل ماسٹرز کیا۔
پروفیسر محمد انور گورنمنٹ کالج حافظ آباد، چیچہ وطنی اور گورنمنٹ کالج بورے والا میں گراں قدرخدمات انجام دیں۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی سادگی اور باوقار طریقے سے گزاری، پاکستان بھر میں ان کےہزاروں سٹوڈنٹس مختلف اداروں میں تعینات ہیں۔
مرحوم پروفیسر محمد انورنے اپنے سوگواران میں 4 بیٹے اور 3 بیٹیاں چھوڑی ہیں، جن میں شہزاد انورپرنسپل دی پنجاب سکول بورے والا، ڈاکٹر بہزاد انور پی ایچ ڈی جامعہ گجرات کے شعبہ انگریزی کے سربراہ، سرفراز انور ایڈووکیٹ ہائی کورٹ بورے والا اور ڈاکٹر وقاص انورفیملی میڈیسن اسپیشلسٹ امینہ ہسپتال عجمان شامل ہیں۔
ڈاکٹروقاص انور کے والد پروفیسر ریٹائرڈ محمد انورکے انتقال پر متحدہ عرب امارات میں مقیم ان کے دوستوں اور عزیز و اقارب نے ڈاکٹروقاص انورسے اظہار تعزیت کرتے ہو ئے مرحوم پروفیسر ریٹائرڈ محمد انورکے لئے دعائے بخشش و مغفرت کی ہے۔