پاکستان اور جرمنی کے مابین ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کی جانب پہلا قدم،مستقبل میں تعاون کیلئے لیٹر آف انٹینٹ (LoI) پر دستخط

پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کیلئے ایسے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کی کاوشیں جاری رکھیں گے،سفیر پاکستان

برلن(رپورٹ:مہوش ظفر)پاکستان اور جرمنی کی وفاقی ایمپلائمنٹ ایجنسی کے درمیان ہنر مند افرادی قوت کی نقل و حرکت کے لیے لیٹر آف انٹینٹ (LoI) پر آج دستخط کیے گئے۔

سفیر ڈاکٹر محمد فیصل اور مسٹر سٹیفن زوٹونگ،مینیجنگ ڈائریکٹر انٹرنیشنل ریلیشنز نے بالترتیب اسلامی جمہوریہ پاکستان اور جرمنی کی وفاقی ایمپلائمنٹ ایجنسی کی جانب سےمذکورہ ایل او آئی پر دستخط کیے۔

اس لیٹر آف انٹینٹ کا مقصد دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے ہنر مند افراد کی نقل و حرکت کو فروغ دینے کے لیے تعاون کے ممکنہ شعبوں کو تلاش کرنا ہے۔ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہونے کے ناطے اس حوالے سے بڑی صلاحیتوں کا حامل ہے، جبکہ جرمنی کو مہمان نوازی، صحت، تعمیرات اور آئی ٹی وغیرہ کے شعبہ جات میں ہنر مند افرادی قوت کی ضرورت ہے۔

مذکورہ ایل او آئی مہارت کے تبادلے کو فروغ دینے کے لیے قانونی راستے، مختلف شعبہ جات میں مہارت کی ضروریات، جرمنی میں پاکستانی قابلیت کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ ہنر مند پاکستانی تارکین وطن کارکنوں کے لیے معلومات اور مشاورتی خدمات کو بہتر بنانے میں مددگار ہو گا۔

اس ضمن میں اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن آف پاکستان اور جرمنی کی فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی اس ایل او آئی پر عمل درآمد کے لیے مستقبل کے رہنما خطوط وضع کرنے اور ان پر عمل درآمد کی مد میں تعاون کریں گے۔

سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ یہ ایل او آئی اہم اقدامات میں سے ایک ہے اور پاکستان اور جرمنی کے دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے اس طرز کے اہم اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

pakistan germany LOI
Comments (0)
Add Comment