پاکستان ہاؤس برلن میں یوم پاکستان کی تقریب، سفیرپاکستان نے قومی ترانہ کی دھن پر پرچم کشائی کی
برلن(رپورٹ:مہوش ظفر) پاکستان کے قومی دن کی مناسبت سے پاکستان ہاؤس برلن میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جرمنی میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان کے دوستوں اور خیر خواہوں کی موجودگی میں قومی ترانہ کی دھن پر پرچم کشائی کی۔
تقریب کے دوران صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ آج جبکہ ہم یوم پاکستان کے موقع پر اپنا جھنڈا لہرا رہے ہیں تو ہمیں اپنے پورے خلوص اور اختلافات سے بالاتر ہو کر مادر وطن کی خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے جیسا کہ ہم نے تاریخ میں اس دن جدوجہد کا اعادہ کیا تاکہ ایک علیحدہ وطن میں اپنی زندگی آزادانہ طور پر گزار سکیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ جدوجہد، قربانیوں اور محنت کے بغیر کامیابی ممکن نہیں ، یہ ایک ایسا سبق ہے جو ہم جرمنی کی تاریخ سے سیکھ سکتے ہیں کہ کس طور متحد ہو کر بہت سے چیلنجز پر قابو پا کر ایک کامیاب قوم اور ایک قابل فخر ملک بنا جا سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ پاکستان متعدد چیلنجوں سے گزر رہا ہے لیکن قوم قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ان پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے اپنی ٹیم کی بھرپور محنت اور کوششوں کو بھی سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ سفارت خانہ پاکستان خدمت کرنے اور وطن کے پرچم کو بلند رکھنے کے لیے کوشاں رہے گا۔جرمنی میں مقامی طور پر کام کا دن اور رمضان کا پہلا روزہ ہو نے کے باوجود کمیونٹی کے ارکان، مقامی جرمنوں اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔