ملائیشیا:مچھلی کھانے سے بیوی کا انتقال،شوہر کومہ میں چلا گیا

کوالالمپور(ویب ڈیسک)ملائیشیا میں مچھلی کھانے کے بعد بیوی کی جان چلی گئی جبکہ اس کا شوہر کومہ میں چلا گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق پفر مچھلی کھانے کے بعد 83 سالہ خاتون چل بسی ہیں جبکہ اس کا شوہر کومے کی حالت میں اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہے۔

یہ واقعہ 25 مارچ کو سامنے آیا تھا متاثرہ جوڑے کی بیٹی این جی ایلی نے بتایا کہ اس کے والد نے مقامی دکاندار سے پفر مچھلی خریدی تھی جس میں انتہائی طاقتور زہر ہوتا ہے۔

این جی ایلی نے بتایا کہ میرے والدین کئی عرصے سے اسی دکان سے مچھلی خریدتے آ رہے ہیں، انہوں نے جان بوجھ کر یہ مچھلی نہیں خریدی ہوگی بلکہ ہو سکتا ہے کہ دکاندار نے ہی انہیں دی ہو۔

مقامی ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین نے اس حوالے سے بتایا کہ متاثرہ جوڑے نے مچھلی کو صاف کرنے کے بعد پکایا اور دوپہر میں کھانے کے بعد خاتون کانپنا شروع ہوگئی جبکہ اسے سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک گھنٹے کے بعد خاتون کے شوہر میں بھی یہی علامات ظاہر ہونا شروع ہوگئی تھیں۔

اس کے بعد جوڑے کو ان کے بیٹے نے اسپتال پہنچایا، تاہم شام میں اس کی والدہ کی موت کی تصدیق ہوگئی، جبکہ خاتون کی موت کی وجہ کو فوڈ پوائزنگ قرار دیا گیا ہے۔

مقامی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ ’پفر مچھلی‘ جو ایک مقبول جاپانی غذا ہے، اس میں طاقتور اور مہلک زہریلے جراثیم پائے جاتے ہیں، جنہیں پکانے یا فریز کرنے سے تلف نہیں کیا جا سکتا۔

عام طور پر ماہر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ شیفس (جنہیں ان زیریلے مادوں کو دور کرنے کی تربیت دی گئی ہے) ہی کو اسے بنانے کی اجازت ہے۔

puffer fish malaysia
Comments (0)
Add Comment