اسلام آباد(تارکین وطن نیوز )پاکستانی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں ان کی خدمات پر مسلم دنیا کے سب سے بڑے سائنسی ایوارڈ مصطفیﷺ انعام یافتہ 2021ء قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق مصطفیﷺ پرائزلاریئٹ سائنس اورٹیکنالوجی کاایک اعلیٰ ایوارڈہےجو ہردوسال بعدمسلمان ممالک کےچوٹی کےمحققین اور سائنسدانوں کو چار شعبوں میں دیاجاتاہےجس میں زندگی اورطبی سائنس اور ٹیکنالوجی، نینو سائنس اور نینو ٹیکنالوجی، انفارمیشن،مواصلاتی سائنس اور ٹیکنالوجی ، سائنس اورٹیکنالوجی کے دیگر تمام شعبوں میں دیا جاتا ہے۔یہ ایوارڈ کو 2012ء میں بین الاقوامی سطح پر سائنسی مہارت کی علامت کے طور پر قائم کیا گیا تھا اور اسے مسلم دنیا کا نوبیل انعام سمجھا جاتا ہے۔پاکستان، ایران، بنگلہ دیش، لبنان اور مراکش کے پانچ سائنسدانوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں مصطفیﷺ انعام 2021ء سے نوازا گیا ہے۔
ایوارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق ہر شعبے میں ایوارڈ جیتنے والے کو 5لاکھ ڈالر کا ایوارڈ، سرٹیفکیٹ اور میڈل دیا گیا ہے۔جامعہ کراچی میں بین الاقوامی مرکز برائے کیمیکل اورحیاتیاتی سائنسز(آئی سی سی بی ایس)کےڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری عالمی شہرت یافتہ دواؤں کےکیمسٹ ہیں،بین الاقوامی جرائد میں نامیاتی اور جیو نامیاتی کیمسٹری کے شعبوں میں ان کے ایک ہزار 175 سے زائد تحقیقی مقالے شائع کیے جا چکے ہیں، اس موضوع پر 76 کتب اور 40 ابواب بڑے امریکی اور یورپی پریس کی شائع کردہ کتب میں شائع ہو چکے ہیں جبکہ وہ اب تک 40 امریکی پیٹنٹ بھی حاصل کر چکے ہیں۔
ڈاکٹراقبال کےکام کودنیابھر کےمحققین نےنقل کیا ہے،مجموعی طور پر 27،407 باراوران کا ایچ انڈیکس 70 ہے۔اب تک 94 مقامی اور بین الاقوامی سکالرز نے ان کی نگرانی میں پی ایچ ڈی کی ڈگریاں مکمل کی ہیں۔پی ایچ ڈی، ڈی ایس سی اور سی کیم کی ڈگریوں کے حامل ڈاکٹر اقبال مختلف پاکستانی حکومتیں ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز سے نواز چکی ہیں۔وہ معروف اکیڈمیوں کے فیلو بھی رہ چکے ہیں جن میں اکیڈمی آف سائنسز فار دی ڈیولپنگ ورلڈ، اسلامک ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز، پاکستان اکیڈمی آف سائنسز، رائل سوسائٹی آف کیمسٹری اور کیمیکل سوسائٹی آف پاکستان شامل ہیں۔
پروفیسر اقبال کو اس سے قبل ایران کے صدر نے خوارزمی بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا تھا، آذربائیجان کے صدر نے تعلیم کے شعبے میں آئی سی او ایوارڈ دیا تھا اور پاکستان کے وزیر اعظم نے کیمسٹری میں کامسٹیک ایوارڈ دیا تھا۔انہیں 2004ء میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ممتاز قومی پروفیسر اور 2013 ءمیں جامعہ کراچی کی جانب سے قابل پروفیسر کا اعزاز دیا گیا تھا۔