اسلام امن و سلامتی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، Ammerud چرچ میں ملٹی فیتھ افطار پارٹی سے مذہبی رہنمائوں کا خطاب

اوسلو(عقیل قادر)اوسلو کی فلاحی تنظیم آدمس چلڈرن اور آمیرود چرچ نے گذشتہ دنوں بین المذاہب رواداری کو فروغ دینے کے لیے ایک افطار ڈنر کا اہتمام ایک چرچ میں کیاجس میں کرسچین کمیونٹی کے علاوہ اوسلو کی متعدد پاکستانی مذہبی، سیاسی و سماجی تنظیموں نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز حافظ جہانگیر بہادر نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور صاحبزادہ یسین سعید نے نعت رسولؐ پیش کی۔ تقریب میں سفارتخانہ پاکستان سے ویلفیئر اتاشی آصف حمید نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے آدمس چلڈرن کے چیئرمین چوہدری غلام سرور نے خطاب کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بین المذاہب رواداری کے فروغ کے لیے آدمس چلڈرن اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ویلفیئر اتاشی آصف حمید نے بین المذاہب رواداری کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ایسی تقریبات کی حوصلہ افزا ئی کرنی چاہیے۔

تقریب سے ڈاکٹر سید زوار حسین شاہ، سید فراست علی شاہ بخاری اورمفتی محمد زبیر تبسم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے، اس مہینے میں غریب اور نادار لوگوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کرنی چاہیے، روزہ سے طہارت حاصل ہوتی ہے اور بھوکے پیاسے افراد کی مدد کا جذبہ اجاگر ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام امن وسلامتی اور بھائی چارے کا دین ہے اور اسکے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

آمیرود چرچ کے پادری Jurek Laub اور Anette Dreyer نے ایسٹر او ر حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حوالے سے تفصیلات بتائیں انہوں نے بتایا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام بھی غریب اور نادار لوگوں کی خدمت کا درس دیتے تھے۔

معروف نارویجن پاکستانی سیاستدان ڈاکٹر مبشر بنارس اور اوسلو سٹی کونسل کے وائس میئر برائے کلچر اور سپورٹس عمر سامی گامل نے بھی تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور ستمبر میں ہونے والے الیکشن میںووٹ کی طاقت کو استعمال کرنے پر زور دیا۔

پادریJurek Laub اور مدثر راجہ نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے آدمس چلڈرن کے چیئر مین چوہدری غلام سرور کی کاوش کو سراہا اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب کی نقابت کے فرائض معروف سماجی رہنما راشد علی اعوان نے احسن انداز میں سرانجام دیئے۔

انعام الحق سیٹھی نے اذان پڑھی اور چرچ کے ہال میں نماز مغرب باجماعت ادا کی گئی۔ چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں نے تقریب کو منعقد کرنے پرمنتظمین کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر بہترین افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔

Multifaith Iftar PartyNorwayملٹی فیتھ افطار پارٹی
Comments (0)
Add Comment