پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے ذریعے حل پر متحد ہے:رضا بشیر تارڑ

بھارت زیادہ عرصے تک کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا،سفیر پاکستان کا تقریب سے خطاب

ٹوکیو(رپورٹ:عرفان صدیقی)جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت زیادہ عرصے تک کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا بہت جلد بھارت کو اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خود ارادیت دینا ہو گا۔

پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے کشمیر یک جہتی فورم کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے ذریعے حل پر متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 10 لاکھ فوجی رکھ کر کشمیری عوام کو محکوم بنایا ہوا ہے، وہاں معصوم خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے، معروف کشمیری حریت لیڈر سید علی گیلانی نے کہا تھا کہ اگر بھارت کشمیر کی ساری سڑکیں سونے کی بھی بنادے تو بھی کشمیری عوام اپنے حقِ آزادی سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

پاکستان کے سفیر کا کہنا ہے کہ اس وقت جتنی امن کی ضرورت اس خطے کو ہے کسی کو نہیں کیونکہ اس خطے میں ڈیڑھ ارب سے زائد لوگ آباد ہیں اور جنگ کی صورت میں بہت بڑی تباہی ہو سکتی ہے، لہٰذا دنیا کے کرتا دھرتا ممالک اور اداروں کو اپنی توجہ اس طرف دینے کی ضرورت ہے اور یہاں کشمیر جیسے اہم مسائل کے حل کے لیے اقوامِ متحدہ سمیت تمام اداروں اور ممالک کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

اس موقع پر سفیرِ پاکستان نے کشمیر یک جہتی فورم کے صدر شاہد مجید اور کشمیری عوام کے لیے آواز بلند کرنے والے تمام کشمیری اور پاکستانی شہریوں کی تعریف کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر یک جہتی فورم کے صدر شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے حق کے لیے پوری دنیا میں آواز بلند کرتے رہیں گے، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جی 20 کانفرنس کے انعقاد کے خلاف جاپانی حکومت کو خط بھی لکھیں گے۔شاہد مجید نے سفیرِ پاکستان کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں کشمیر کے مسئلے پر ایک ہی مؤقف رکھتی ہیں اور وہ ہے کشمیر کی آزادی، اس مطالبے سے نہ کشمیری پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی پاکستانی قوم پیچھے ہٹے گی۔تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانی اور جاپانی شہریوں نے شرکت کی۔

اقوام متحدہرضا بشیر تارڑمسئلہ کشمیر
Comments (0)
Add Comment