پیرس( سلطان محمود ) کشمیر پیس فورم فرانس اور جموں کشمیر فورم فرانس کے زیر اہتمام کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریارخان آفریدی تھے۔تقریب میں قائم مقام سفیر قاضی امجد نے بھی شرکت کی۔تقریب میں نظامت کے فرائض تحریک انصاف فرانس کے سینئر رہنما چوہدری افضال گوندل نے سر انجام دیئے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے اپنے خطاب میں شرکا کو مخاطب کرتےہوئے کہا کہ میرے بہن بھائیو میں آج آپ کے سامنے کیوں آیا ہوں ؟کشمیر کا مقدمہ ہم نے لڑنا کہاں تھا؟کیا ہم نے کشمیر کا مقدمہ ایک دوسرے کے ساتھ لڑنا تھا؟ہم نے اور پاکستان کے عوام نے کشمیر کا مقدمہ سینیٹ میں،صوبائی اسمبلیوں میں یا پاکستان کے مختلف ایوانوں کے علاوہ پنچائتوں میں لڑنا تھا،نہیں بالکل نہیں ہم نے یہ مقدمہ اقوام عالم،دنیا کے مہذ ب ایوانوں میں ،تمام وہ لوگ جو آج دنیا کے حوالے سے مجھے اور آپ کو درس دیتے ہیں ان کے سامنے ان کے پاس جا کر یہ مقدمہ لڑنا تھا ۔
کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے اپنے خطاب میں شرکا کو مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی پالیسی اور کشمیر کمیٹی کے اقدامات اور حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
دیگر مقررین نے کشمیر کے ساتھ یکجہتی کے لئے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں ہندوستان نے ظلم وستم کی انتہا کررکھی ہے۔مقررین نے شہر یار خان آفریدی کی آمد پر ان کا ویلکم کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ایک بہادر آدمی کو کشمیر کا مقدمہ لڑنے کے لئے منتخب کیا ہے جو بڑی جر ات کے ساتھ پوری دنیا میں کشمیر کی آواز بلند کررہا ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں جس طرح کشمیر کے لئے دنیا بھر میں کشمیریوں کی جنگ لڑی ہے اس سے پہلے کسی بھی حکمران کو یہ توفیق نہیں ہوئی۔ عمران خان پہلا واحد لیڈر ہے جو پاکستان کی عزت کو بحال کرنے میں مصروف ہے۔
مقررین نے کہا ہمیں عمران خان جیسے لیڈر اور اس کے ساتھی شہر یار خان آفریدی پر فخر ہے۔تقریب سے خطاب کرنے والوں میں قاضی امجد، زا ہد ہاشمی، مرزا آصف جرال، ذوالفقار جتالہ، ملک عابد، شیخ نعمت اللہ،یاسر قدیر ،ابرار کیانی،سید کمال شاہ، مرزا عتیق، سردار ظہور اقبال، طاہر عباس گورائیہ اور ثمینہ ہاشمی شامل تھے۔ شہر یار خان آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی آمد پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔