برسلز( نمائندہ خصوصی ) پاکستان کی سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے ایک تقریب بیلجیئم کے دوسرے بڑے شہر اینٹورپن میں منعقد ہوئی۔
تقریب کا اہتمام پاکستان پیپلزپارٹی یورپ کے سینئر رہنما ملک محمد اجمل نے کیا تھا۔ جس میں برسلز سے افتخار احمد ( پھا بلو)، پیپلز یوتھ کے صدر شیراز بٹ،محمد زبیر، میاں غفور اور دیگر نے خصوصی شرکت کی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر راہنما ملک محمد اجمل نے سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کیلئے بھٹو خاندان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت نے نہ صرف گرتے پاکستان کو اپنی صلاحیتوں سے اس کے پائوں پر کھڑا کیا بلکہ معاشرے کے ہر طبقے خصوصی طور پر اس کے غریب طبقات کیلئے بہت کام کیا۔
انہوں نے عوام کے حقوق اور پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کیلئے جیلیں کاٹیں اور صعوبتیں برداشت کیں۔ حتیٰ کہ اس خاندان نے حقیقی جمہوریت کی آبیاری کیلئے اپنی جان بھی قربان کردی۔ اسی لیے آج ان کے سیاسی مخالفین بھی ذوالفقار علی بھٹو کا نام احترام سے لیتے ہیں۔
انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ کا نام لیے بغیر ان پر شدید تنقید کی اور کہا کہ لوگ کہتے تھے کہ وہ عوام میں بھٹو اور بے نظیر بھٹو سے بھی زیادہ پاپولر ہیں۔ لیکن انہوں نے صرف اپنی انا کی خاطر جب پاکستان کی سیاسی قوتوں سے بات چیت کو نظر انداز کیا تو اسی کا نتیجہ ہے کہ وہ عوام کی نظروں سے مسلسل گر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ عمران خان نے پاکستان کے بین الاقوامی تعلقات کو بھی خراب کیا جس کے نتائج ملکی معیشت کو برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔
اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی محترمہ کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں ایک ایسا عظیم راہنما قرار دیا جن کی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔