ریلی میں ملی نغموں کے دوران شرکاء نے جھنڈے لہرا کر پاکستان اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا
برسلز (نمائندہ خصوصی) بیلجیئم میں پاکستان زندہ باد اور استحکامِ پاکستان ریلی کا اہتمام یورپین کمیشن، یورپین کونسل اور یورپین وزارت خارجہ کے سامنے کیا گیا۔
اس ریلی کا اہتمام پاک بلجیئم فیڈریشن زاہد بھدر نے کمیونٹی رہنما سردار صدیق خان ،ناصر چوہان، ہم ہیں پاکستان آرگنائزیشن بلجیئم کے صدر فرید خان اور پاکستان کمیونٹی اتحاد آرگنائزیشن بیلجیئم کے مشترکہ تعاون سے کیا۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم، شہدائے افواجِ پاکستان اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تصاویر اٹھا کر افواجِ پاکستان سے بھرپور یکجہتی اور محبت کا اظہار کیا، ریلی میں بیلجیئم کی مختلف پاکستانی تنظیموں کے رہنما ئوں نے بھرپور شرکت کی ۔
اس موقع پر پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔شرکاء نے عسکری قیادت کے قد آور پوسٹروں سمیت آرمی چیف کے پورٹریٹ بھی اٹھا رکھے تھے۔
ریلی میں ملی نغموں کے دوران شرکاء نے جھنڈے لہرا کر پاکستان اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کمیونٹی رہنمائوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز ملکی سلامتی اور بقا کی ضمانت ہیں، ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان پوری قوم کا فخر ہیں، فوج نے کس قدر قربانیاں دے کرامن کی منزل کو قریب تر کیا۔تاریخ میں یہ قربانیاں سنہری حروف سے لکھی جاچکی ہیں۔
آج پاکستان میں جو امن ہے اس کے پیچھے افواج پاکستان کے ان عظیم شہداء کی لازوال قربانیاں پوشیدہ ہیں۔ آج ہم اس وطن عزیز کی آزاد فضاؤں میں سکھ اور چین سے زندگی بسر کر رہے ہیں۔یہ ان عظیم افواج پاکستان کے شہدا کی لازوال قربانیاں ہی ہیں۔ اوورسیز پاکستانی اور پاکستان کے عوام اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اس وقت ہمیں آپس میں قومی اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ ایک وقت تھا کہ جب ہمیں پاکستان کی ضرورت تھی اب وقت ہے کہ پاکستان کو ہماری ضرورت ہے۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حالات کچھ بھی ہوں ہم پاکستان اور افواج پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوش حالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
ریلی کے اہم راہنماؤں میں ملک محمد اجمل، شیخ ماجد، کونسلر ناصر چوہدری، افتخار احمد پھا بلو، چوہدری محمد اکرم، سردار یاسر خان اور اے آر سید شامل تھے۔