فلیگ شپ ایونٹس کو سپانسر کرنے کےلئے کارپوریٹس،کمپنیوں اورافراد کی تلاش میں مدد اور تعاون کی اپیل
اجلاس میں شریک نمائندگان نے آپسی بات چیت کے دوران کارآمد مشورے دئیے
"جنے لاہور نئیں دیکھیا او جمیا ای نئیں” کے موضوع پر ڈرامہ بھی پیش کیا جائے گا
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے زیر اہتمام PAD میں آئندہ ہونے والی تقریبات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے ونگز کے نمائندگان زاہد حسن، خالد امتیاز، جناب منیر محمود، راجہ امجد، محمد عرفان، نفرحسین، ڈاکٹر عائزہ علی خان، سید طحہٰ علی، ڈاکٹر کاشف حنیف، اوراحمرنے شرکت کی جبکہ کچھ ارکان بوجہ مصروفیت اور ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہ کر سکے۔
پی اے ڈی کے جنرل سیکرٹری زاہد حسن نے کہا کہ پی اے ڈی مینجمنٹ اور ونگ ٹیموں کے درمیان بہتر تال میل کے لیے مزید میٹنگز کی ضرورت ہے۔ ایم او یوز کی حیثیت، گورننس کے ڈھانچے اور پی اے ڈی کے ساتھ تعلقات پر تبادلہ خیال کے لیے ونگز کے ساتھ ایک میٹنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پی اے ڈی کی سرگرمیوں کے ساتھ تمام ونگز کو ہم آہنگ کر نے کے لئے عملی اقدامات کریں گے، اس موقع پرPAD کے ونگز سے درخواست کی گئی کہ وہ ہمارے فلیگ شپ ایونٹس کو سپانسر کرنے کےلئے کارپوریٹس، کمپنیوں اورافراد کی تلاش میں مدد اور تعاون کریں۔
اجلاس میں شریک نمائندگان نے آپسی بات چیت کے دوران کا ر آمد مشورے دئیے اور PAD سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، دوران اجلاس زاہد حسن نے بتایا کہ پاکستان کے قومی دن کو سبز پاکستان کا موضوع دیا گیا ہے، سبز پاکستان کے تحت متحدہ عرب امارات اور پاکستان میں درخت لگائے جائیں گے۔
14اگست کے سلسلہ میں لوگوں کی دلچسپی کے لئے متعدد پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں،13اگست کو عوامی تقریب جبکہ بچوں کی تقریب 19 یا 26 اگست کو ہو گی، دیگر تقریبات میں "جنے لاہور نئیں دیکھیا او جمیا ای نئیں” کے موضوع پر ڈرامہ بھی پیش کیا جائے گا۔