مالمو(رپورٹ:زبیر حسین)عاشورہ کے بعد بھی سویڈن میں محرم الحرام کی مجالس کا سلسلہ جاری،باقر العلوم مالمو سویڈن کے زیرِ اہتمام مالمو شہر میں مجلسِ عزا بسلسلہ سوئم امام حسینؑ کا اہتمام کیا گیا،جہاں دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق باقرالعلوم مالمو سویڈن کی جانب سے محرم الحرام کی مجالس کے بعد ایک اہم اور خصوصی مجلس بسلسلہ سوئم امام حسینؑ کا انعقاد کیا گیا، جرمنی سے سید اسماعیل بخاری نے بطور خطیب خصوصی شرکت کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سید اسماعیل بخاری نے کہا کہ شہادتِ امام حسین نے ہمیں جو درس دیا وہ نا صرف حق کی خاطر باطل کے سامنے ڈٹ جانا ہے بلکہ مشکل وقت میں صبر و استقامت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنے کی بھی زندہ مثال ہے۔
مجلس میں نہ صرف اہل تشیع بلکہ سنی مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات، منہاج القرآن سویڈن سے امام اصغر قادری، پاکستان کلچرل سوسائٹی سویڈن سے عامر خلیل جنجوعہ اور پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ سے زبیر رانا اور محمد سرور نے خصوصی شرکت کی۔
اہل سنت و الجماعت کے نمائندگان نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا تعلق چاہے کسی بھی فرقے سے ہو جب بات اہل بیت سے محبت اور حسینیت کے پرچار کی ہوتی ہے تو ہم سب یکجا ہو کر لبیک کہتے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے باقر العلوم کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہمارا پلیٹ فارم کسی خاص فرقے کے لئے نہیں بلکہ محبان اسلام کے لئے ایسا پلیٹ فارم ہے جو ہر مومن کو خوش آمدید کہتا ہے۔مجلس کے اختتام پر خصوصی لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔